
نئی دہلی، 20جون(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاستی صدرسوربھ بھاردواج نے ہفتے کو دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں ادویا ت کی خریداری میں مبینہ گھوٹالے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے بیان پرشدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود یہ بتا رہی ہیں کہ اس سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مقر ر کیے گئے ایل جی کی سرپرستی میں 2014سے بدعنوانی چل رہی تھی۔ وزیر اعلیٰ یہ بھی جانتی ہیں کہ گز شتہ گیارہ برسوں سے دہلی میں افسران کے تبادلے اور تقرریاں بی جے پی کے مقرر کردہ ایل جی کے ماتحت رہی ہیں۔ کیا وزیر اعلیٰ اس بدعنوانی پر کوئی کارروائی کریں گی یا صرف ٹویٹ کرکے اور ریلز بنا کر ہی اپنی ذمہ داری پوری کریں گی؟
اس موقع پر سوربھ بھاردواج نے رام مندر میں چندے کی مبینہ چوری کا معاملہ سامنے آنے کے باو جو د اتر پردیش کی یوگی سرکارکی جانب سے کوئی کارروائی نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’بلڈوزر بابا‘تو الزام لگتے ہی ملزمان کے گھروں پر بلڈوزر چلا دیتے ہیں، پھر رام مندر کے مبینہ چند ہ چوروں کے ساتھ اتنی ہمدردی کیوں دکھائی جا رہی ہے؟ جس سرکارنے کبھی جانچ، قانونی عمل یا عدا لت کے فیصلے کا انتظار نہیں کیا، وہ اب جانچ کے نتائج کا انتظار کرنے کی بات کیوں کر رہی ہے؟
No Comments: