Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

جامعة المصطفیٰ یونیورسٹی ایران کے ڈائریکٹر سے علما ءکرام کے وفد کی ملاقات

میٹنگ میںفروغ تعلیم پر زور، ایران میں پی ایچ ڈی تک مفت تعلیم کا اعلان

نئی دہلی،13 مئی(میرا وطن نیوز)
جامعة المصطفیٰ یونیورسٹی ایران کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید کمال حسینی سے دہلی کے ممتاز علماءکرام اور دینی و سماجی شخصیات کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملت اسلامیہ کے تعلیمی مستقبل، عصری و دینی علوم کے فروغ اور ہندوستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر سید کمال حسینی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جامعة المصطفیٰ یونیورسٹی ایران میں ہندوستانی طلبہ کے لیے پی ایچ ڈی تک مفت تعلیم، رہائش اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات بہتر ہونے کے بعد ہندوستانی طلبہ کو ایران میں اعلیٰ تعلیم کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ وہ دینی و عصری علوم میں مہارت حاصل کرکے ملت و معاشرہ کی خدمت انجام دے سکیں۔ وفد میں شامل علماءکرام نے تعلیم کے فروغ کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل کو علم، اخلاق اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھانے پر زور دیا۔
مولانا قاسم نوری قاسمی صدر جمعیت علماءصوبہ دہلی نے کہاکہ: تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے۔ اگر ہماری نئی نسل علم سے آراستہ ہوگی تو وہ دین، ملت اور ملک کی بہترین خدمت انجام دے سکے گی۔ ایسے تعلیمی مواقع سے طلبہ کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
مولانا مفتی عبدالواحد قاسمی مہتمم جامعہ شاہ ولی اللہ وصدر مفتی دارالافتاءو آن لائن فتویٰ دہلی نے کہا: “دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہندوستانی طلبہ کے لیے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلنا ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس سے علمی و تحقیقی میدان میں نئی راہیں ہموار ہوں گی۔
پروگرام کے کنوینر قاری یاسین نے کہا کہ ‘قوم کی کامیابی علم اور تربیت سے وابستہ ہے۔ ہمیں نوجوانو ں میں مطالعہ، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کا ذوق پیدا کرنا ہوگا تاکہ وہ معاشرے کے لیے مفید ثابت ہوں۔ ڈاکٹر سید شاداب حسین رضوی خانقاہ ضیفیہ کاظمیہ علامہ خاکی امروہہ نے کہا: ‘اولیاءکرام نے ہمیشہ علم و عرفان کے چراغ روشن کیے۔ آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اخلاق اور کردار کے ساتھ معاشرہ کی تعمیر میں حصہ لے سکیں۔
قاری ہارون رشیدی مہتمم جامعہ بنات مہرولی نے فرمایا: “تعلیم خصوصاً بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ جب معاشرہ تعلیم یافتہ ہوگا تو فکری و اخلاقی اعتبار سے مضبوط ہوگا۔
قاری محمد شبیر مہتمم جامعہ اشرف العلوم دھوج ہریانہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا:علماءاور تعلیمی اداروں کو مل کر نئی نسل کی صحیح رہنمائی کرنی ہوگی۔ اعلیٰ تعلیم کے مواقع نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مولانا مختار اشرف امام و خطیب و پی آر او درگاہ خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمة اللہ علیہ نے کہا: تعلیم انسان کو شعور، برداشت اور خدمتِ خلق کا جذبہ عطا کرتی ہے۔ ہمیں ایسے تعلیمی ماحول کو فروغ دینا چاہیے جہاں دین اور انسانیت دونوں کی خدمت کا جذبہ پیدا ہو۔آخر میں وفد نے جامعة المصطفیٰ یونیورسٹی ایران کی اس تعلیمی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ہندوستانی طلبہ کو عالمی سطح پر علمی و تحقیقی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *