Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

وندے ماترم کا سرکاری طور پر پڑھایا جانا غیر دستوری اور ناقابل قبول،سرکار نوٹیفیکیشن فوری واپس لے

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی سرکار کے نوٹیفیکیشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اعتراض جتایا

نئی دہلی،12فروری(میرا وطن)
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی سرکار کے اس نوٹیفیکیشن پر سخت اعتراض جتایا، جس کے تحت مر کزی سرکار نے وندے ماترم گیت کے تمام اشعار کا سرکاری تقریبات اور اسکولوں میں قومی گیت جن گن من سے پہلے پڑھایا جانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ بورڈ نے اسے غیر آئینی اور مذہبی آزادی کے منافی قرار دیا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے ایک پریس بیان میں مرکزی سرکارکے فیصلہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کا یہ فیصلہ غیر دستوری، مذہبی آزاد ی و سیکولر اقدار کے منافی، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف اور مسلمانوں کے عقیدے سے را ست متصا دم ہے، اس لئے مسلمانوں کے لئے ہرگز بھی قابل قبول نہیں ہے۔
مولانا نے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کے مشورے اور کانسٹی ٹیواینٹ اسمبلی کے مباحث کے بعد اس بات پر اتفاق ہوگیا تھا کہ اس کے صرف دو بند ہی پڑھے جائیں گے۔ ایک سیکولر سرکارکسی ایک مذہب کے عقائد و تعلیمات کو دوسرے مذہبی طبقات پر جبرا مسلط نہیں کرسکتی۔ یہ گیت بنگال کے پس منظر میں لکھا گیا تھا اور اس میں درگا اور دیگر دیویوں اور دیوتاﺅں کی پوجا اور وندنا کی بات کہی گئی ہے۔
مولانا نے کہا کہ مغربی بنگال کے الیکشن سے پہلے اسے نافذ کئے جانے کے پیچھے بی جے پی سرکار کی جو بھی مصلحت ہو مسلمان اسے ہرگز بھی قبول نہیں کرسکتے اس لئے کہ یہ ان کے ایمان و عقیدے سے را ست متصادم ہے۔ مسلمان صرف ایک اللہ وحدہ لا شریک کی ہی عبادت کرتا ہے، اسلام خدا کی ذات میں ذرہ برابر بھی شرک کو برداشت نہیں کرتا۔
بورڈ کے جنرل سکریٹری نے آگے کہا کہ ملکی عدالتوں نے بھی اس کے دیگر اشعار کو سیکولر اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے ان کے پڑھے جانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ لہذا مرکزی سرکارسے ہمارا مطا لبہ ہے کہ وہ فی الفور اس نوٹیفیکیشن کو واپس لے بصورت دیگر بورڈ اسے عدالت میں چیلینج کرے گا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *