Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

غالب انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی میں عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد

نئی دہلی، 15 دسمبر (میرا وطن نیوز):آل کارگل (لداخ) اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن(اے کے ایس اے ڈی) دہلی  کے زیرِ اہتمام “فاطمہ ہی فاطمہ ہیں” کے عنوان سے ایک شاندار اور پُروقار کانفرنس غالب انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام دخترِ رسولؐ حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔

اس علمی و فکری کانفرنس میں خطۂ لداخ کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذۂ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مدرسۂ قرآن آوا کے طلبہ کی پُرسوز اور دلنشیں قرأتِ قرآن سے ہوا، جس نے محفل کو روحانی فضا عطا کی۔ اس موقع پر طالبات نے بھی کانفرنس میں مدلل اور مؤثر تقاریر پیش کیں۔
کانفرنس کے مہمانِ خصوصی آیت اللہ ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی (نمائندۂ سپریم لیڈر اسلامی جمہوریہ ایران)، مہمانِ اعزاز آغا سلطان (چیئرمین، سنٹرل ریلیف کمیٹی، حکومتِ کرناٹک) اور خصوصی مہمان حاجی حنیفہ جان (رکنِ پارلیمنٹ، یو ٹی لداخ) نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر معروف مقررین غلام رسول دہلوی (معروف ہند۔اسلامی شاعر و صوفی مصنف)، حجت الاسلام شیخ مرزا امینی صاحب (پرنسپل، مدرسۂ قرآنی، دسنا، اتر پردیش) اورمحترمہ فزا عباس نقوی (اسلامی اسکالر و آئی ٹی پروفیشنل، ایم بی اے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہراؑ کی حیاتِ طیبہ، سیرت، کردار اور اسلامی معاشرے میں خواتین کے مقام پر جامع اور بصیرت افروز روشنی ڈالی۔
اختتامی نشست میں بعض نمایاں طلبہ کو ان کی علمی و تنظیمی خدمات کے اعتراف میں مومنٹو پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ معزز مہمانانِ ذی وقار کا روایتی غاطق سے استقبال کیا گیا اور انہیں لوحِ تقدیر بھی پیش کی گئی۔
کانفرنس مجموعی طور پر نہایت منظم، باوقار اور کامیاب رہی، جسے شرکاء نے ایک یادگار، شاندار اور باشکوہ علمی و ثقافتی اجتماع قرار دیا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *