غزہ: فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری خونریز لڑائی کے دوران ’پاورفْل‘ ویڈیو رپورٹنگ پر دو صحافیوں بلال الساباغ اور یوسف حسینا کو ’روری پیک ایوارڈ‘ دیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے وابستہ دونوں صحافیوں کو یہ ایوارڈ اْن کے سات اکتوبر 2023 کے بعد غزہ سے جنگ کی رپورٹنگ پر دیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ ویڈیو جرنلسٹ روری پیک کے نام سے منسوب ہے جو سنہ 1993 میں ماسکو میں قتل کر دیے گئے تھے۔غزہ سے جنگ کی ویڈیوز کے مقابلے میں دل دہلا دینے والی عکاسی رکھی گئی جن میں بمباری کے بعد ایک شخص اپنے رشتہ دار کو ملبے میں تلاش کر رہا ہے جبکہ ایک خاتون ہسپتال میں ایک میت پر نوحہ کناں ہے۔اسی طرح غزہ کے رہائشیوں کو خوراک کیلئے قطاروں میں کھڑے دکھایا گیا ہے۔بلال السباغ رواں سال اپریل میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کو لے کر غزہ سے نکل گئے تھے اور وہ اس ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے لندن پہنچے۔اْن کو جنگ زدہ علاقے سے رپورٹنگ کرنے پر ستمبر میں بیوکس کالواڈوس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔بلال السباغ نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ باوجود اس کے کہ میں آج کی رات اس پذیرائی پر خوش ہوں، میرا دل بہت بھاری ہے؛کیوں کہ میرے خاندان کے افراد، میرے دوست اس وقت غزہ میں بھوک، خوف اورسفاکانہ بمباری کا سامنا کر رہے ہیں۔
No Comments: