
نئی دہلی، 27جون(میرا وطن نیوز )
ای ڈی پارٹی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں پیپر لیک کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ نیٹ پیپر لیک کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں پڑا تھا کہ اسی دوران مہاراشٹر میں ٹی ای ٹی کا پرچہ بھی لیک ہو گیا، جبکہ یہ امتحان 28جون کو ہونا تھا۔ مسلسل سامنے آ رہے پیپر لیک کے معاملات پر عام آدمی پارٹی نے ای ڈی پارٹی کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے کہا کہ ایک اور امتحان کا پرچہ لیک ہو گیا۔ اِنہوں نے نہ امتحانات کو چھوڑا اور نہ ہی مندروں کو۔ ہر جگہ چوری ہو رہی ہے۔ اِن سے نہ مندر سنبھل رہا ہے اور نہ امتحانات۔ یہ ملک کیا چلائیں گے؟
اروند کجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر لکھا کہ ایک اور امتحان کا پرچہ لیک ہو گیا۔ اِنہوں نے نہ امتحانات کو بخشا اور نہ مندروں کو۔ ہر جگہ چوری کر رہے ہیں۔ اِن کے کچھ قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سب نچلی سطح کے لوگ کر رہے ہیں، اوپر والوں کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں۔ لیکن اتنی بڑی سطح پر مسلسل روزانہ ہونے والی بے ضابطگیاں اوپر بیٹھے لوگوں کی شمولیت کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ اس کا پیسہ اوپر والوں تک نہ پہنچ رہا ہو۔ اوپر والے اسی پیسے سے اتنے ایم پی اور ایم ایل اے خرید رہے ہیں۔
اروند کجریوال نے کہا کہ اگر ایک لمحے کے لیے یہ مان بھی لیا جائے کہ اوپر والے اس میں شامل نہیں ہیں، تب بھی ایک بات بالکل واضح ہے کہ اِن سے کچھ بھی سنبھل نہیں رہا۔ نہ مندر سنبھل رہا ہے، نہ امتحانات منعقد ہو پا رہے ہیں۔ پھر یہ ملک کیسے چلائیں گے؟ دوستو! ملک اِن کے ہاتھوں میں محفوظ نہیں ہے۔
No Comments: