
راجدھانی کے لوگوں سے پانی کے تحفظ کو عوامی تحریک بنانے کی اپیل
نئی دہلی، 6 جون (میرا وطن نیوز )
دہلی سرکار بارش کے پانی کو جمع کرنے(رین واٹر ہارویسٹنگ) کو عوامی شراکت کی مہم بنانے جا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم کی ’کیچ دی رین‘کی اپیل کو آگے بڑھاتے ہوئے راجد ھا نی میں پانی کے تحفظ اور زمینی پانی کے ریچارج کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جائے گا۔
ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعلیٰ کے دفتر کی طرف سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق، سرکاربارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اہم اقدامات کر رہی ہے۔ اس اقدام کے تحت رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم لگانے والوں کو 50ہزارروپے تک کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ پانی کے بلوں پر بھی 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ سرکارکا مقصد پانی کے تحفظ کو ایک عوامی تحریک بنانا ہے، تاکہ پانی کی ہر بوند کو بچایا جا سکے اور پانی کو دہلی کیلئے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی جل بورڈ کی طرف سے تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی 100 مربع میٹر یا اس سے بڑی عمارتوں میں بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام کو لازمی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ راجدھانی کے 75 سی ایم شری اسکولوں میں بڑے پیمانے پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کا کام جاری ہے۔ اس اقدام کے ذریعے تقریباً 50 کروڑ لیٹر بارش کے پانی کو جمع کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلباء اور معاشرے میں پانی کے تحفظ کے بارے میں بیداری بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانا اور آبی وسائل کو محفوظ کرنا ہے۔ سرکاری دفاتر میں پانی کے تحفظ کے اقدامات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق تقریباً 2500 مربع فٹ کے چھت والے علاقے سے 2لاکھ لیٹر تک بارش کے پانی کو جمع کرنا ممکن ہے۔انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے تحفظ کو ایک عوامی تحریک بنائیں اور پانی کیلئے محفوظ راجدھانی بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔
No Comments: