نئی دہلی: دہلی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور آئی ایم ڈی نے جمعہ تک انتہائی درجہ حرارت کو لے کر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ گرمی اس حد تک تباہی مچا رہی ہے کہ پیر کو بھی دہلی کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس کو پار کر گیا تھا۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے قومی راجدھانی میں گرم لہر کے پیش نظر آنے والے پانچ دنوں کے لیے ‘ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔شدید گرمی کی وجہ سے دہلی میں بجلی کی طلب مئی میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دریں اثنا، دہلی حکومت نے ان اسکولوں کو کہا ہے جو گرمیوں کی تعطیلات کے باوجود درس و تدریس جاری رکھے ہیں کہ فوری طور پر کلاسیں بند کر دیں۔ دہلی میں حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ کو درجہ حرارت 43.6 ڈگری سیلسیس تھا جب کہ جمعہ کو یہ 42.5 ڈگری سیلسیس تھا۔
قومی راجدھانی میں پیر کو درجہ حرارت معمول سے 3.7 ڈگری زیادہ تھا۔ پیر کو نجف گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ایک دن پہلے، جنوبی مغربی دہلی کے علاقے میں درجہ حرارت 47.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اس موسم میں ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔ منگیش پور میں 47.1 ڈگری، آیا نگر میں 45.7 ڈگری، پوسا میں 46.1 ڈگری، پیتم پورہ میں 46.6 ڈگری اور پالم میں 45.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔وہیں، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ایک سرکلر میں کہا کہ ’’تمام اسکولوں کو رواں تعلیمی سال کے لیے 11 مئی سے 30 جون تک گرمیوں کی تعطیلات رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکلر میں کہا گیا، ’’تمام سرکاری اسکول 11 مئی سے بند ہیں۔ تاہم، یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ سرکاری امداد یافتہ اور غیر امدادی نجی اسکول شدید گرمی کے دوران بھی کھلے ہیں۔
No Comments: