اتر پردیش پولیس نے لکھنؤ میں مختار انصاری کی اہلیہ افسا انصاری کی جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ یہ فلیٹ گومتی نگر کے پاش علاقے میں واقع تھا اور اس کی قیمت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ فلیٹ غیر قانونی طور پر حاصل کردہ جائیداد میں شامل تھا۔گومتی نگر کے وبھوتی کھنڈ میں واقع چیلسی ٹاور کے فلیٹ نمبر 1402 کو ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ فلیٹ افسا انصاری نے فلیوم پیٹرو میکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر خریدا تھا، جو کہ ایک فرضی کمپنی تھی۔ پولیس کے مطابق، افسا انصاری اور ان کے ساتھیوں نے کئی فرضی کمپنیاں بنا کر غیر قانونی جائیدادیں حاصل کیں۔
غازی پور کے ایس پی ایراج راجہ نے بتایا کہ اس کیس کی رپورٹ کو 29 ستمبر کو تیار کیا گیا تھا اور ڈی ایم کو بھیجی گئی، جس کے بعد گینگسٹرز اینڈ اینٹی سوشل ایکٹیویٹیز ایکٹ کے تحت فلیٹ کو ضبط کرنے کا حکم جاری ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’’افسا انصاری اس وقت فرار ہیں اور ان کے خلاف مزید کارروائی جاری ہے۔ مختار انصاری کے خاندان کے خلاف یہ کارروائی اتر پردیش حکومت کی مجرمانہ نیٹ ورک کے خاتمے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔‘‘اس سے پہلے بھی مختار انصاری کے قریبی افراد کی کئی غیر قانونی جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں۔ حکومت نے گینگسٹر ایکٹ اور دیگر قانونی دفعات کا استعمال کرتے ہوئے انصاری کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مجرموں اور ان کے خاندان کے ذریعے غیر قانونی طور پر حاصل کردہ اثاثوں کو ختم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
No Comments: