Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

طبّی کانگریس کی جانب سے 149 ویں مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد

تیترواڑا (کیرانہ) میں منعقد کیمپ میں ممبر پارلیمنٹ اقرا حسن کی شرکت

کیرانہ ،18 مئی (میرا وطن نیوز )
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کیرانہ اُترپردیش کی جانب سے 149 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ سینکڑوں مریضوں نے استفادہ کیا۔ زیادہ تر مریض امراض معدہ و جگر، جوڑوں کا درد، شوگر بلڈ پر یشر اور استحالہ میں خرابی کے پائے گئے۔ دہلی سے ایڈووکیٹ شاہ جبیں قاضی، ڈاکٹر الیاس مظہر حسین ، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی اور ذیشان قاضی کے علاوہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیداحمد خاں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر سیدیاسر اور ذیشان پردھان نے اپنے رفقا کے ساتھ انتظام و انصرام کماحقہ ادا کیا۔ کیمپ کے اختتام پر لوگوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر بطور مہما ن خصوصی ممبر پارلیمنٹ اقرا حسن نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں صدیوں سے آزمایا ہوا یونانی طریقہ علاج ہماری صحت کا ضامن ہے،کیونکہ اس وقت پہلے کے مقابلے لوگ لائف اسٹائل کی تبدیلی کے سبب زیادہ امراض میں مبتلا ہیں۔ علاوہ ازیں غذائی اشیا میں ملاو ٹ ، کورلڈ ڈرنکس وغیر ہ بھی ہماری صحت کو خراب کر رہے ہیں۔ انہوں کہا کہ دنیا اپنی صحت کے لیے د و بارہ دیسی طریقہ علاج (آیوروید اور یونانی) کی طرف واپس آرہی ہے۔ اقرا حسن نے مسیح الملک حکیم ا جمل خاں کی خدما ت کو تسلیم کیے جانے اور ان کے شایان شان ملک میں مقام دلانے پر زور دیا۔
اس موقع پرڈاکٹر سیداحمد خاں نے تنظیم کے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ممتاز مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کو قوم نے یکسر نظر انداز کیا ہے۔ وہ ایک ایسی شخصیت تھے جو نہ صرف طبیب حاذق بلکہ اپنے وقت کے شاندار لیڈر تھے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور آیوروید اینڈ یونانی طبیہ کالج قرول باغ دہلی جیسے عظیم اداروں کے بانی تھے۔ اس کے علاوہ بے سہارا بچوں کے لیے ’بچوں کا گھر‘ بنایا اور سکنڈری اسکولز بھی قائم کیے۔ انہوں نے زندگی بھر عوام الناس کی خدمت کی۔ مگر ابھی تک انہیں بھارت رتن جیسے قومی اعزاز سے سرفراز نہ کیا جانا افسوس کی بات ہے۔
کیمپ کو کامیاب بنانے میں ماسٹر موہن پردھان، ڈاکٹر اکرام پردھان، محسن پردھان، دلشاد پردھان، ہارون پردھان، چودھری منور، فیروز خان، سید شاہد علی، حافظ ہارون، مرسلین، ڈاکٹر عشرت وغیرہ نے اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔ تمام شرکاءکا شکریہ ڈاکٹر سیدیاسر نے ادا کیا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *