
نئی دہلی ،27جون (میرا وطن نیوز)
شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلما نوں سے اپیل کی کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کے پیغام کو زندگی بھر یاد رکھیں جب بھی کبھی باطل سے مقابلہ ہو تو صبر و استقامت کے لیے بے مثال اسوہ حسینی سے اپنے حوصلے کو بلند رکھیں حقیقت یہی ہے کہ ع اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد، امام حسین اور شہدائے کربلا رضی اللہ تعالی عنہم کی شہادتیں مومنین کے لیے قیامت تک مشعل راہ ہیں۔
مفتی مکرم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شان میں گستاخی کرنے پر سخت کاروائی کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقدس شخصیت کی شان میں بے ادبی اور گستاخی ناقابل برداشت ہے یہ ناقابل معافی جرم ہے اس سے مذہبی عقیدت رکھنے والے کرو ڑوں لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں قرآن مجید کی توہین کی بات سامنے آئی ہے سوشل میڈیا پوسٹ میں قرآن مجید کے بارے میں مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارک سامنے آنے کے بعد ہماچل پردیش کی سماجی اور مذہبی تنظیموں نے ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم دے کر مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹ کرنے والے کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔
مفتی مکرم نے کہا کہ دہلی میں 30 جون سے ایس آئی آرشروع ہو رہا ہے بی ایل اوگھرگھر پہنچ کر فارم جمع کریں گے لہذا خصوصی ووٹر نظر ثانی کے عمل میں مستعدی کے ساتھ خود بھی ضروری دستاویز کو جمع کر کے رکھیں اور دیگر لوگوں کی بھی مدد کریں۔
No Comments: