
نئی دہلی ،14اگست (میرا وطن نیوز)
یوم آزادی کے موقع پر دہلی کے میئر پرویش واہی نے محکمہ صحت میں کام کرنے والے تقریباً 4,400 ایم ٹی ایس (ڈی بی سی ) ملازمین کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ اب ان ملا ز مین کو مساوی تنخواہ کا فائدہ ملے گا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں اہل ملازمین کی تنخواہوں میں تقریباً 10ہزار روپے ماہانہ کا اضافہ ہوگا۔
میئر نے اس فیصلے کو محکمہ صحت کے ایم ٹی ایس (ڈی بی سی) ملازمین کے لیے یوم آزادی پر ایک بڑا تحفہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کو مساوی تنخواہ کا فائدہ فراہم کرنے کی ضرورت بہت پہلے سے محسوس کی جا رہی تھی اور آج اس اہم فیصلے کو مختلف انتظامی، مالی، قانونی اور دیگر رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔
میئر نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق ضروری رسمی کارروائیاں اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن ستیہ شرما او ر میونسپل کمشنر سنجیو کھیروارکے ساتھ مل کر مکمل کی گئی ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن انتظامیہ کا مقصد ملازمین کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انہیں ان کے کام اور ذمہ داریوں کے مطابق منصفانہ اور مساوی تنخواہ ملے۔
قابل ذکر ہے کہ پرویش واہی نے قائد ایوان کی حیثیت سے اپنی بجٹ تقریر کے دوران اس اقدام کا اعلان کیا تھا اور اب اسے حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس وقت کیا گیا اعلان محض ایک یقین دہانی نہیں تھا۔ ضروری طریقہ کار پر عمل کیا گیا، اور اسے حقیقت میں بدلنے کے لیے مالی، قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔
No Comments: