Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

تاریخی اینگلو عربک اسکول میں داخلوں کے نام پر مبینہ غیر قانونی وصولی کا معاملہ

محکمہ تعلیم نے جانچ شروع کی،شکایت گزار کو شواہد کے ساتھ پیش ہونے کادیا حکم

نئی دہلی،7مئی (میرا وطن نیوز )
دہلی کے تاریخی اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ میں داخلوں کے دوران والدین سے مبینہ طور پر غیر قانونی ’ڈونیشن‘ اور ’کنٹری بیوشن‘ وصول کیے جانے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں سوشل اور آر ٹی آئی ایکٹوسٹ محمد شاہد کی جانب سے محکمہ تعلیم دہلی سرکار کو باضابطہ شکایت پیش کی گئی تھی، جس کے بعد محکمہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ شروع کردی ہے۔
اس تعلق سے شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ داخلے کے وقت والدین سے رقم وصول کی جارہی تھی اور اسے ’5 فیصد کنٹری بیوشن‘ قرار دے کر جائز ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ مبینہ طور پر والدین کو بتا یا گیا کہ یہ رقم دہلی ایجوکیشن سوسائٹی (ڈی ای ایس) کے ذریعے اسکول کو ملنے والی 95 فیصد سرکاری گرانٹ ان ایڈ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔
شکایت گزار محمد شاہد گنگوہی نے اس عمل کو محکمہ تعلیم کے قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے مالی بے ضابطگی، والدین کے استحصال اور داخلہ نظام میں شفافیت پر سوالیہ نشان بتایا ہے۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ مبینہ طور پر اسکول کے اندر ہی رقم وصول کی گئی اور دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے نام سے رسید یں جاری کی گئیں۔ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیم ،دہلی سرکارکی جانب سے مقرر کردہ انکوائری افسر اور Nominee DEنے محمد شاہد گنگوہی کو 8 مئی صبح 8 بجے اسکول میں حاضر ہوکر متعلقہ دستاویزات اور شواہد پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔
محمد شاہد گنگوہی نے کہا کہ یہ جدوجہد کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ والدین کے حقوق، تعلیمی نظام میں شفافیت اور امداد یافتہ اسکولوں کی جوابدہی یقینی بنانے کے لیے کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ داخلہ ریکارڈ، ڈونیشن رسیدیں، بینک ریکارڈ اور متعلقہ افسران کے کردار کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے۔اب یہ معاملہ تعلیمی حلقوں اور والدین کے درمیان موضوعِ بحث بن چکا ہے اور سب کی نظریں محکمہ تعلیم کی آئندہ کارروائی پر مرکوز ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *