قومی خبریں

خواتین

کیجریوال پیسے اور طاقت کے نشے میں تھے: انا ہزارے

احمد نگر:  سماجی کارکن انا ہزارے نے دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اروند کیجریوال پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال نے ان کی نصیحتوں کو نظرانداز کیا اور پیسے اور طاقت کے نشے میں غرق ہو گئے، جس کا نتیجہ دہلی کے عوام نے انہیں دے دیا۔

احمد نگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انا ہزارے نے کہا کہ کیجریوال کا اصل مقصد شراب کے کاروبار سے پیسہ کمانا تھا، اور اسی کے لیے انہوں نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ایسے لوگوں کے لیے جگہ نہیں ہونی چاہیے، جن کے طرز عمل میں خلوص، قربانی اور عوام کی خدمت کا جذبہ نہ ہو۔

انا ہزارے نے مزید کہا کہ انہوں نے کیجریوال کو مشورہ دیا تھا کہ وہ سیاست میں خلوص اور صاف نیتی کو اپنائیں، لیکن کیجریوال نے ان کی باتوں کو اہمیت نہیں دی۔ ان کے مطابق، سیاست کا مقصد اقتدار یا دولت نہیں ہونا چاہیے، بلکہ یہ عوام کی خدمت اور فلاح کے لیے ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ اروند کیجریوال نے بدعنوانی کے خلاف انا ہزارے کی تحریک سے سیاست میں قدم رکھا تھا اور بعد میں عام آدمی پارٹی کی بنیاد رکھی۔ تاہم، ان پر کرپشن کے الزامات عائد ہوئے اور انہیں جیل بھی جانا پڑا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *