کویت سٹی/نئی دہلی: جنوبی کویت کے المنغاف میں ایک چھ منزلہ رہائشی عمارت میں بدھ کو آگ لگنے سے49افرادکی موت کی خبر ہے، جن میں عمارت میں رہنے والے41ہندوستانی مزدور بھی شامل ہیں۔اس واقعہ میں 40 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کویتی حکام راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں اور ابھی تک مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ہندوستانی کارکنوں کی مدد کے لیے کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے جس سے ٹیلیفون نمبر +965-65505246 کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ کویت میں ہندوستانی سفارتی مشن کے اہلکار وہاں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔کویت کی خبر رساں ایجنسی کنا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 49 ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں وزارت داخلہ میں سیکیورٹی انفارمیشن کے ڈائریکٹر میجر جنرل ناصر عبدالسلیب کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمارت کے مالکان کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے سینئر حکام آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اور مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے متعلقہ حکام کو اس واقعہ کے پیش نظر ایسے اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے کہ اس طرح کا سانحہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
سوشل میڈیا پر ایک تعزیتی پیغام میں مسٹر مودی نے کہاکہ ”کویت سٹی میں آتشزدگی کا واقعہ افسوسناک ہے۔ میں ان لوگوں سے تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیاکہ “کویت سٹی میں آتشزدگی کے واقعہ کی خبر سے گہرا صدمہ ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آتشزدگی میں اب تک 49 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 40 سے زیادہ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہمارے سفیر امدادی کیمپ گئے ہیں اور ہم مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہمارا سفارت خانہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کو مکمل مدد فراہم کرے گا۔کویت حکومت کے مطابق مقامی حکام کو کثیر المنزلہ عمارت میں صبح 6 بجے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی اور آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
شنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس عمارت میں اسی کمپنی کے تقریباً 160 ملازمین رہتے تھے اور آگ عمارت کے ایک کچن سے شروع ہوئی اور تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔کویت کے سیکیورٹی آفیسر میجر جنرل عید راشد حماد نے آگ لگنے کی تصدیق کی ہے۔کویتی وزارت صحت نے کہا کہ آگ سے زخمی ہونے والے متعدد افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں سے چار علاج کے دوران دم توڑ گئے۔
کویت میں ہندوستانی سفیر العدن نے زخمیوں کا علاج کرنے والے اسپتال کا دورہ کیا جہاں اس وقت 30 سے زائد ہندوستانی کارکن زیر علاج ہیں۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔اس ہولناک سانحے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے آگ سے متاثرہ ہندوستانی کارکنوں کے لیے ہنگامی ہیلپ لائن نمبر فراہم کیا ہے۔ کسی بھی قسم کی معلومات اور مدد کے لیے نمبر +965-65505246 دستیاب کرایا گیا ہے۔ سفارتخانے نے واقعے سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کویت کی وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ المنغاف عمارت میں آگ واقعی ایک تباہی ہے اور ایسا واقعہ کمپنی کے مالکان اور عمارت کے مالکان کی لالچ کا نتیجہ ہے۔
No Comments: