نئی دہلی : قومی درج فہرست ذات کمیشن کے نمائندہ وفد نے سندیش کھَلی واقعہ پر اپنی رپورٹ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو سونپ دی ہے۔ کمیشن کے نمائندہ وفد نے جمعرات یعنی 16 فروری کو سندیش کھَلی کا دورہ کیا تھا۔ اس سے متعلق رپورٹ تیار کر قومی درج فہرست ذات کمیشن نے اپنی رپورٹ جمعہ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے حوالے کر دی۔
قومی درج فہرست ذات کمیشن کے جس وفد نے سندیش سندیش کھَلی کا دورہ کیا، اس میں ارون ہلدر، سبھاش رام ناتھ پاردی اور ڈاکٹر انجو بالا شامل ہیں۔ کمیشن کے اراکین نے سندیش کھَلی میں متاثرین سے ملاقات کی اور ان پر ہوئے مبینہ مظالم کی جانکاری حاصل کی۔ نمائندہ وفد میں شامل ڈاکٹر انجو بالا نے متاثرین کے کنبہ سے بات کرنے کے بعد ریاستی حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ سندیش کھَلی میں صدر راج نافذ کیا جائے تاکہ لوگ محفوظ رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نہیں چاہتیں کہ کچھ بھی سچائی باہر آئے۔ خواتین کے خلاف ہوئے مظالم کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی ہے۔ ملک انھیں معاف نہیں کرے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندیش خالی میں صدر راج نافذ کیا جائے۔
No Comments: