پٹنہ: بہار کےمغربی چمپارن ضلع کے بگہا میں ایک سرکاری اسکول میں پیر کے روز دوپہر کا کھانا (مڈ ڈے میل) کھانے سے 184 سے زیادہ بچے بیمار ہو گئے۔ سب کو آناً فاناً میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس معاملہ میں ضلع مجسٹریٹ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔پولیس کے مطابق، بانس گاؤں پارسونی مڈل اسکول میں پیر کو مڈ ڈے میل کھانے کے بعد184سے زیادہ بچوں نے الٹی دست اور پیٹ درد کے ساتھ چکر آنے کی شکایت کی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی والدین اسکول پہنچ گئے اور بیمار بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
مغربی چمپارن کے ضلع تعلیمی افسر رجنی کانت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے کہ کھانے میں مٹی کا تیل (کیروسین) گر گیا تھا۔ پورے معاملہ کی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔ بیشتر بچوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ وہیں ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار رائے کا کہنا تھا کہ تمام بچے خطرے سے باہر ہیں۔
No Comments: