نئی دہلی : ہرسال کی طرح اس سال بھی وزیر اعظم نریندر مودی نےخواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پر چادر مسلم وفد کے حوالے کر دی ہے جو 13 جنوری کو اجمیر شریف درگاہ پر وزیر اعظم کی جانب سےچڑھائی جائیگی۔پی ایم مودی نے خود اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جانکاری دی ہے اور کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مسلم طبقہ کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس دوران میں نے ایک مقدس چادر انھیں پیش کی جو حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پر اجمیر شریف درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔‘‘ جو تصویریں پی ایم مودی نے شیئر کی ہیں ان میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اسمرتی ایرانی اور دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔
پی ایم مودی نے اجمیر شریف درگاہ پر چڑھانے کے لیے چادر بی جے پی اقلیتی محاذ کے حوالے کی ہے۔ اقلیتی محاذ کے اراکین اس چادر کو 13 جنوری کی دوپہر اجمیر شریف درگاہ میں پیش کر سکتے ہیں۔ پی ایم مودی نے آج اقلیتی محاذ کے جن اراکین کو یہ چادر حوالے کی ہے ان میں بی جے پی اقلیتی محاذ کے صدر جمال صدیقی اور بی جے پی قومی نائب صدر طارق منصور شامل ہیں۔ ان کے ساتھ کچھ دیگر مسلم لیڈران بھی اجمیر شریف درگاہ جائیں گے۔اجمیر شریف درگاہ پر اس سال خواجہ معین الدین چشتی کا 812واں عرس منایا جا رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی لوگوں کی بڑی بھیڑ اجمیر شریف درگاہ میں جمع ہوئی ہے۔ 8 جنوری کو درگاہ کے بلند دروازے پر جھنڈا چڑھانے کی رسم کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی یہاں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
No Comments: