
نئی دہلی،19 ستمبر (میرا وطن نیوز )
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن ریجیجو کے اردو زبان سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اردو ہندوستان کی اپنی زبان ہے اور ملک کی مختلف زبانوں کے باہمی میل جول سے پروان چڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو ایک شیریں اور مو ¿ثر زبان ہے، جس کے محاورے، الفاظ اور اصطلاحات ہندوستانی معاشرے، سیاست، صحافت اور روزمرہ گفتگو میں ہر سطح پر استعمال ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر سید احمد خاں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بجا طور پر اردو کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی ہے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ ہو، بازار ہو یا سرکاری و غیر سرکاری ادارے، اردو کے الفاظ اور محاورے ہندوستانی معاشرے کے اظہار کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں۔ اردو کے الفاظ میں ایسی معنوی وسعت اور تاثیر پائی جاتی ہے کہ بعض اوقات ایک مختصر لفظ یا محاورہ پورا مفہوم انتہائی مو ¿ثر انداز میں بیان کر دیتا ہے۔
اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ برصغیر کی تہذیب، ثقافت اور مشترکہ ادبی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ اس زبان نے ہندوستان کی مختلف لسانی روایتوں سے اثرات قبول کیے اور اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی۔ اردو کی شیرینی، سلاست، وسعتِ بیان اور ادبی تاثیر اسے عوامی رابطے اور جذبات و خیالات کے اظہار کا مو ¿ثر وسیلہ بناتی ہے۔
انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ مرکزی وزیر کرن ریجیجو کے بیان کو اردو سے محبت رکھنے والے افراد ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھیں اور اسے اردو کے فروغ کے لیے عملی اقدام میں تبدیل کریں۔ اردو کی بقا اور ترقی صرف تقریروں سے نہیں بلکہ اس کے مطالعے، تحریر، تدریس، اشاعت اور روزمرہ استعمال سے ممکن ہے۔ اگر لوگ خود اردو پڑھیں، اپنے بچوں کو پڑھائیں اور اردو کی کتابیں و رسائل خریدیں تو اس زبان کے فروغ کی ایک مضبوط بنیاد قائم ہوسکتی ہے۔
No Comments: