Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

ای ڈبلیو ایس طالبہ کو 14 سال کی عمر سے پہلے اسکول سے نہیں نکالا جا سکتا: دہلی ہائی کورٹ

طالبہ 2016 سے اسکول میں زیر تعلیم ہے ،اس وقت آٹھویں جماعت میں پڑھ رہی ہے

نئی دہلی، 22 اگست (میرا وطن نیوز)
دہلی ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ 14 سال سے کم عمر بچوں کو دہلی اسکول ایجوکیشن ایکٹ کے تحت اسکول سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے دہلی پبلک اسکول کو ہدایت دی ہے کہ وہ اقتصادی طور پر کمزور طبقے(ای ڈبلیو ایس) سے تعلق رکھنے والی ساڑھے 13 سالہ طالبہ کو آٹھویں جماعت کی تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دے۔
طالبہ نے اپنی والدہ کے ذریعے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسکول سے غیر حاضر رہنے اور ایک امتحان میں شرکت نہ کرنے کے بعد اسکول انتظامیہ نے اسے اسکول سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے غور کیا کہ ای ڈبلیو ایس زمرے سے تعلق رکھنے والی طالبہ 2016 سے اسکول میں زیر تعلیم ہے اور اس وقت آٹھویں جماعت میں پڑھ رہی ہے۔
درخواست کے مطابق طالبہ 6 جولائی سے اسکول نہیں گئی تھی اور اسی دن ہونے والے امتحان میں بھی شرکت نہیں کر سکی تھی۔دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ دہلی اسکول ایجوکیشن ایکٹ کی دفعہ 37(1)(B) میں خصوصی طور پر 14 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کے خلاف جرمانہ، اسکول سے اخراج اور معطلی جیسے تادیبی اقدامات کا التزام ہے۔
عدالت نے کہا کہ موجودہ معاملے میں درخواست گزار طالبہ کی عمر ابھی صرف ساڑھے 13 سال ہے، اس لیے اسکول کی جانب سے اسے خارج کرنے کی کارروائی بادی النظر میں دہلی اسکول ایجوکیشن ایکٹ کے ضوابط کی خلاف ورزی معلوم ہوتی ہے۔ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد طالبہ کو اپنی آٹھویں جماعت کی تعلیم جاری رکھنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *