Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

آئی آئی سی سی میں کربلا سے کاشی تک -داستان مرثیہ کے عنوان سے تقریب منعقد

اردو مرثیے کے ارتقائی سفر کی جستجو؛ شاعری، داستان گوئی اور نمائش کی یادگار شام

نئی دہلی،28جولائی (میرا وطن نیوز)
اردو زبان اور اس کے ادب کی خدمت کی اپنی درخشاں روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جشن بہار ٹرسٹ نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے اشتراک سے شاعری، داستان گوئی اور نمائش پر مشتمل ایک منفرد ادبی شام کا انعقاد کیا، جس میں اردو مرثیے کے ارتقائی سفر کو ایک ایسی ادبی صنف کے طور پر پیش کیا گیا جس نے ہندوستانی تہذیبی شعور سے فیض پاتے ہوئے اردو زبان و ادب کو بے پناہ وسعت اور گہرائی عطا کی ہے۔’کربلا سے کاشی تک – داستان مرثیہ‘کے عنوان سے آئی آئی سی سی میں منعقدہ ادبی تقریب انڈ یا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سلمان خورشید بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔
جشن بہار ٹرسٹ کی پیشکش یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جسے داستان گوئی کے اسلوب میں پیش کیا گیا ۔ اس میں اردو مرثیے کے تاریخی سفر کو نہ صرف اردو ادب کی ایک اہم صنف کے طور پر اجاگر کیا گیا بلکہ اسے ہماری مشترکہ گنگا جمنی تہذیب کا آئینہ بھی قرار دیا گیا۔
اس موقع پر جشنِ بہار ٹرسٹ کی بانی کامنا پرساد نے کہا:’اردو مرثیہ دراصل امام حسینؑ کی داستان کے کربلا سے کاشی تک کے سفر کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ دنیا کی واحد ادبی صنف ہے جس میں المیہ، رزمیہ اور نوحہ ایک ساتھ سمٹ آتے ہیں۔ اس نوعیت کا حسین امتزاج دنیا کے کسی اور ادب میں نہیں ملتا۔ ہند وستان کی مشترکہ تہذیب میں پوری طرح رچا بسا یہ ادب نہ صرف ہمارے سماجی شعور سے اثر قبول کرتا ہے بلکہ اسی شعور کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ادبی شام کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ ہندوستان میں مرثیے کے ارتقا، اس کی ادبی باریکیوں اور مختلف پہلوو ¿ں کو سمجھا جائے، نیز اردو ادب پر اس کے اثرات اور ہندوستانی ذہن و تہذیب کی تشکیل میں اس کے کردار کا جائزہ لیا جائے، کیونکہ مرثیہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی رہا ہے۔
انہوں نے کہا:’اس پروگرام کے ساتھ منعقد کی گئی خصوصی نمائش میں ہندوستان میں مرثیہ نگاری کے گنگا جمنی پہلوو ¿ں کو اجاگر کیا گیا ہے، جہاں مرثیے سے متعلق متعدد دلچسپ تاریخی اور ادبی حقائق کو پیش کیا گیا ہے۔
اس پروگرام کی ہدایت کاری کامنا پرساد نے کی، جبکہ داستان گوئی نوجوان اور باصلاحیت فنکار عناب خضرا اور فیروز خان نے پیش کی۔ ان کے ساتھ ابھرتے ہوئے شاعر پلّو مشرا بھی شریکِ محفل رہے۔
تقریب کے آغاز میں قمر احمد زیدی (ریٹائرڈ آئی پی ایس، سابق پولیس کمشنر، دہلی) نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا:”انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں ہر سال اسی تاریخ کو واقع کربلا کی یاد میں یومِ حسینؑ منایا جاتا ہے۔ اس سال ہم نے اس دن کو ایک منفرد انداز میں منانے کا فیصلہ کیا اور محترمہ کا منا پرساد سے درخواست کی کہ وہ ‘کربلا سے کاشی تک – داستانِ مرثیہ’ کے عنوان سے یہ داستان گوئی پیش کریں۔
اپنے صدارتی خطاب میں سلمان خورشید نے اس نوعیت کے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات ہماری مشترکہ تہذیب، ہماری اپنی گنگا جمنی ثقافت کو مزید فروغ دینے کا مو ¿ثر ذر یعہ ہیں۔ انہوں نے بڑی تعداد میں شریک ہونے والے حاضرین کا بھی شکریہ ادا کیا۔اختتامی کلمات میں کامنا پرساد نے تمام حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:”جس انہماک اور توجہ کے ساتھ حاضرین نے اس داستان گوئی کو سنا اور جس محبت سے اسے پذیرائی بخشی، وہ میرے لیے بے حد مو ¿ثر اور حوصلہ افزا تھا۔
انہوں نے کہاکہ یہ منظر خاص طور پر دل کو چھو لینے والا تھا کہ بہت سے لوگ نشست نہ ملنے کے باوجود شام سے محروم ہونے کے بجائے خوشی خوشی فرش پر بیٹھ گئے۔ آپ کی حوصلہ افزائی مجھے اس بات کا مز ید عزم عطا کرتی ہے کہ میں ایسے ادبی اور تہذیبی سفر آئندہ بھی پیش کرتی رہوں۔ عناب خضرا، فیروز خا ن اور پلّو مشرا نے غیر معمولی فنکاری، لگن اور شاندار پیشکش کے ذریعے اس ادبی سفر کو حقیقت کا رنگ دے دیا۔
انہوں نے مزید کہا:’میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کی بھی دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ پروگرام پیش کرنے کی دعوت دی، اور تکشلا ایجوکیشنل سوسائٹی کی بھی ممنون ہوں جس نے فراخ دلانہ تعاون فراہم کیا۔’آپ سب کے ساتھ اس ادبی سفر کو شریک کرنا میرے لیے ایک اعزاز رہا۔
تقریب کے اختتام پر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے نائب صدر محمد فرقان نے کلماتِ تشکر ادا کیے اور حاضرین پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق، انصا ف، ایثار اور انسانیت کی اقدار کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *