Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

جوہر یونیورسٹی کو منہدم کرنے کے فیصلے پر سخت اعتراض

بچے ان پڑھ اور جاہل رہیں گے ،تبھی اندبھکت بنیں گے

مودی -یوگی-بی جے پی کابس ایک ہی نعرہ ہے :سنجے سنگھ

نئی دہلی، 17جولائی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکنِ پارلیمنٹ اور اتر پردیش کے انچارج سنجے سنگھ نے رام پور میں واقع جوہر یونیورسٹی کو منہدم کرنے کے فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے بی جے پی اور مودی-یوگی سرکار پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی، یوگی اور بی جے پی کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ’بچے اَن پڑھ اور جا ہل رہیں گے، تبھی اندھ بھکت بنیں گے۔
اس موقع پر سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی جوہر یونیورسٹی اور جموں میڈیکل کالج کی بندش پر بھی جشن منا رہی ہے۔ کیا یہی بی جے پی کی سب سے بڑی کامیابی رہ گئی ہے؟ دہلی میں 70-70سال پرانے گھروں پر او-زون اور دیگر قوانین کا حوالہ دے کر بلڈوزر چلایا گیا۔ بی جے پی ایک تخریب کار پارٹی ہے جو اس ملک کو برباد کر کے ہی دم لے گی۔ وزیر اعظم مودی دنیا کی ٹاپ 100یونیورسٹیوں میں بھا ر ت کی کسی ایک یونیورسٹی کا نام بھی نہیں بتا سکتے۔ ملک میں پرچہ لیک کے خلاف ایک شخص گزشتہ 20 دن سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہوا ہے، لیکن مودی سرکارکے پاس اس سے بات کرنے کی بھی فرصت نہیں ہے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ چوتھی پاس راجا اور اس کی پارٹی بی جے پی اسکولوں اور کالجو ں کو توڑنے والی پارٹی بن گئی ہے۔ یہ غریبوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا چاہتی ہے تاکہ وہ سرکار سے سوال نہ کر سکیں۔ اب یہ لوگ جوہر یونیورسٹی کو بھی مسمار کرنے جا رہے ہیں، جہاں ہندو اور مسلم سمیت تمام طبقات کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ آج وزیر اعظم دنیا کی ٹاپ 100یونیورسٹیوں میں بھارت کی ایک بھی یونیورسٹی کا نام نہیں بتا سکتے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ بی جے پی، مودی اور یوگی کی قیادت میں اس ملک کو اَن پڑھ، جاہل اور پسماندہ رکھنا چاہتی ہے۔ اگر ملک اَن پڑھ رہے گا تو لوگ اندھ بھکت بن کر بی جے پی کو ووٹ دیتے رہیں گے اور سرکارسے کبھی سوال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے دور میں ایک لاکھ سرکاری اسکول بند ہو چکے ہیں جبکہ 91ہزار نئے نجی اسکول کھو لے گئے ہیں۔ ملک میں ایک لاکھ بیس ہزار ایسے سرکاری اسکول ہیں جہاں صرف ایک ہی استاد موجود ہے، 98ہزار اسکولوں میں طالبات کے لیے بیت الخلا کی سہولت نہیں ہے اور1 لاکھ 19 ہزار سرکاری اسکول ایسے ہیں جہاں بجلی تک موجود نہیں۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مودی سرکار کی یہ کارکردگی ہے کہ بھارت کی کوئی بھی یونیورسٹی عا لمی درجہ بندی میں نمایاں مقام حاصل نہیں کر سکی۔ آئی آئی ٹی دہلی 123ویں مقام پر ہے جبکہ دیگر یونیورسٹیاں عالمی رینکنگ میں 700سے بھی نیچے ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *