
نئی دہلی، 05 جولائی(میرا وطن نیوز )
وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی سرکار نے ’مشن کایا کلپ‘کا آغاز کیا جس کا مقصد دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں کو محض تعلیم کے مراکز کے بجائے بچوں کے لیے محفوظ، صاف، جدید اور متاثر کن تعلیمی کیمپس میں تبدیل کرنا ہے۔ اس خصوصی مہم کے تحت راجدھانی کے مختلف اضلاع کے منتخب سرکا ر ی اسکولوں میں بڑے پیمانے پر بہتری کے کام کیے جارہے ہیں تاکہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جا سکے اور طلباءکو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ کہا کہ مشن کایا کلپ کو ضلع انتظامیہ، محکمہ تعلیم، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے ذریعے تعاون کرنے والی تنظیموں، مختلف سماجی تنظیموں، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سرکاری وسائل اور کمیونٹی کی شرکت کے امتزاج کے ذریعے اسکولوں میں تیز، مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں جو کہ تعلیم کے شعبے میں عوامی شمولیت کی ایک موثر مثال ہے۔
مشن کایا کلپ کے تحت دہلی کے مختلف اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں تیزی سے تبدیلیاں نظر آرہی ہیں۔ شمالی ضلع میں چھ سرکاری سکولوں کے معائنے کے بعد، دو سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے منتخب کیا گیا۔ شنکراچاریہ مارگ پر واقع خصوصی ضروریات والے بچوں کے لیے ایک حسی پارک کی تزئین و آ رائش کی گئی، اور تقریباً 16.20 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک آر او پلانٹ اور واٹر کولر نصب کیے گئے ۔ دریں اثنا، روپ نگر کے سرکاری اسکول میں، فزکس لیبارٹری کو جدید بنایا گیا تاکہ طلباءکے عملی سیکھنے کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔
جنوبی ضلع میں رامانوجن سروودیا کنیا ودیالیہ (مہرولی) میں تقریباً 48.73 لاکھ اور سروودیا کو-ایڈ سینئر سیکنڈری اسکول (قطب مہرولی) میں تقریباً 98.58 لاکھ روپے کی لاگت سے وسیع پیمانے پر بہتری کے کام کیے گئے ہیں۔ مغربی ضلع کے موہن گارڈن اور جنک پوری میں واقع سرکاری اسکولوں میں تقریباً 77.71 لاکھ روپے کی لاگت کے پروجیکٹوں،گوکل پور (نارتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ) کے ایک سرکاری اسکول میں تقریباً 6.70 لاکھ روپے کی لاگت سے اور شاہدرہ کے منی بین پٹیل بھارتیہ مہیلا سروودیا ودیالیہ میں تقریباً 2.90 لاکھ روپے کی لاگت جبکہ باہری شمالی ضلع کے ساودا گھیورا کمیونٹی بوائز سینئر سیکنڈری اسکول میں تقریباً 8 لاکھ روپے کی لاگت سے کئی کام انجام دیئے گئے ہیں۔
No Comments: