
نئی دہلی، 26مئی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے 3سالہ زیادتی متاثرہ بچی کا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں طبی معائنہ کرانے سے دہلی پولیس کے انکار پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بچی کے والدین ایمس میں دوبارہ میڈیکل کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو پولیس جانچ کرانے کے لیے تیار کیوں نہیں ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ جنک پوری کے ایس ایس موٹا سنگھ اسکول کے سینئر افسر اور 57سالہ ملزم للت کمار کو آخر کون بچا رہا ہے؟ کیا بی جے پی کے دور حکو مت میں ہر متاثرہ کو انصاف تبھی ملے گا جب سوشل میڈیا پر شدید ہنگامہ برپا ہوگا؟
منگل کوسوربھ بھاردواج نے کہا کہ آج ملک کے اندر سب سے کم عمر کی متاثرہ ایک تین سالہ معصوم بچی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس ملک میں تین سالہ معصوم بچی کو انصاف کے لیے بھی اتنی جدوجہد کرنی پڑ ے گی؟انہوں نے ایکس پر مزید سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پولیس تین سالہ معصوم بچی کا ایمس میں طبی معائنہ کرانے کے لیے تیار کیوں نہیں ہے؟ ایس ایس موٹا سنگھ اسکول کے سینئر افسر اور 57سالہ ملزم للت کمار کو آخر کون بچا رہا ہے؟ کیا ہر متاثرہ کو انصاف تبھی ملے گا جب سوشل میڈیا پر زبردست ہنگامہ مچے گا؟
No Comments: