
نئی دہلی، 17 مئی (میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی سرکاروالی دہلی میونسپل کارپوریشن پر شہر بھر میں پھیلے ہوئے کھلے نالوں میں گرنے سے لوگوں کی المناک موت پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ ایم سی ڈی میں اپوزیشن لیڈر انکش نار نگ نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی ’چار انجن والی سرکار‘ کی لاپرواہی مسلسل انسانی جانوں کا دعویٰ کر رہی ہے۔ ایم سی ڈی کے میئر کی تبدیلی کے باوجود کارپوریشن کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بدستور برقرار ہے ۔ پچھلے ڈھائی مہینوں کے دوران، دہلی میں کئی لوگ کھلے نالوں میں گرنے سے مر چکے ہیں، اس کے باوجود بی جے پی کی سرکار والی ایم سی ڈی ہر موقع پر اپنی ذمہ داریوں سے مسلسل بھاگتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
کھلے نالوں میں گرنے سے ہونے والی متعدد اموات کا حوالہ دیتے ہوئے انکش نارنگ نے مخصوص واقعات پر روشنی ڈالی: روہنی میں ایک 30 سالہ شخص کی موت؛ بروری میں 2 سالہ معصوم عائشہ کی مو ت اور دلشاد گارڈن میں راہول سنگھ اور روہنی سیکٹر-32 میں برجو سنگھ کی موت۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہر ایک واقعہ میں بی جے پی نے معاملے پر پردہ ڈالنے اور ذمہ داری سے ہاتھ دھونے کی کوشش کی۔ انہو ں نے سوال کیا: دہلی کے رہنے والوں کو کتنی دیر تک بی جے پی کی لاپرواہی کی قیمت اپنی جان سے ادا کرنی پڑے گی؟
انکش نارنگ نے ریمارکس دیے کہ اب مانسون کا موسم قریب ہے، نالیوں کی صفائی اور صفائی کا اہم کام مکمل طور پر رک گیا ہے۔ نتیجتاً دہلی کو ایک بار پھر پانی جمع ہونے اور حادثات کے بحران کی طر ف دھکیلا جا رہا ہے۔ بی جے پی کی ’چار انجن والی سرکار‘سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ خاندان کو 1 کروڑ روپے کا معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے۔اس مدعے پر ایم سی ڈی میں شریک انچارج پروین کمار اور دیگر نے بھی پریس کانفرنس کی ۔
No Comments: