
نئی دہلی، 18مئی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے معصوم بچے کی موت اور ایک پارک میں کرنٹ لگنے سے نوجوان کی جان جانے کے لیے بی جے پی کی چار انجن والی سرکار کے لاپرواہ نظام کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ آپ کے ایم سی ڈی میں قائد حزب اختلاف انکُش نارنگ نے کہا کہ بی جے پی سرکارصرف فوٹو شوٹ میں مصروف ہے جبکہ اس کا خستہ حال سرکاری نظام دہلی والوں کی جان لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کباڑ بن چکے سرکاری نظام کی وجہ سے ہی سوئمنگ پول میں معصوم بچے اور پارک میں کرنٹ لگنے سے نوجوان کی موت ہوئی ہے۔ سرکار دہلی میں چل رہے تمام غیر قانونی سو ئمنگ پول فوری بند کر ائے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کرے۔ متاثرہ خاندانوں کو 50-50لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے ۔
ایم سی ڈی کے معاون انچارج پروین کمار نے کہا کہ آج پھر بی جے پی سرکار اور بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی کی لاپروائی کے سبب دو خاندان برباد ہو گئے۔ ایک طرف 10سالہ معصوم سنسکار کی سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے مو ت ہو گئی، جبکہ دوسری طرف 25سالہ نوجوان روہت کی پارک میں کرنٹ لگنے سے جان چلی گئی۔ اس سے پہلے روہنی علاقے میں کھلے نالے میں گرنے سے 30سالہ نوجوان کی موت کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلسل پیش آنے والے یہ واقعات ثا بت کرتے ہیں کہ دہلی میں عوام کی حفاظتی انتظامات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ پروین کمار نے بی جے پی سرکارپر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی سوئمنگ پول، کھلے بجلی کے تار، خستہ حال پارک لوگوں کی جان لے رہے ہیں ۔
No Comments: