Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

نیٹ پیپر لیک اور امتحان کی منسوخی پرآل انڈیا مجلس مشاورت نے تشویش ظاہر کی

نئی دہلی،13مئی (میرا وطن نیوز)
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے نیٹ-یو جی 2026 کے سوالیہ پرچے کے مبینہ لیک اور اس کے بعد امتحان کی منسوخی پر گہرے دکھ اور سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔ نیٹ یوجی ملک کا ایک نہایت اہم قومی داخلہ امتحان ہے جو لاکھوں طلبہ کے طبی شعبے میں مستقبل کا تعین کرتا ہے۔ امتحانی نظام کی دیانتدا ری میں اس سنگین خلاف ورزی نے نہ صرف طلبہ اور والدین کے اعتماد کو مجروح کیا ہے بلکہ ملک بھر کے خاندانوں پر شدید ذہنی دباﺅ، غیر یقینی صورتحال اور مالی بوجھ بھی ڈال دیا ہے۔
مشاورت کا ماننا ہے کہ امتحان کے پرچوں کے بار بار لیک ہونے کے واقعات ملک کے نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ میں جوابدہی اور حکمرانی کی سنگین ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔ معاشی طور پر کمزور طبقات، دیہی علاقوں اور اقلیتی برادریوں کے طلبہ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ وہ اس امتحان کی تیاری میں برسوں کی محنت، محدود وسائل اور جذباتی توانائی صرف کرتے ہیں۔
مشاورت نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیٹ پیپر لیک کی وقت موقت، شفاف اور آزاد عدا لتی تحقیقات، اس مجرمانہ عمل میں ملوث تمام افراد، اداروں اور نیٹ ورکس کو سخت اور مثالی سزا، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط، ناقابلِ چھیڑ چھاڑ اور ٹیکنالوجی پر مبنی حفاظتی اقدامات کا فوری نفاذ، امتحان کی منسوخی سے متاثرہ طلبہ کے لیے مناسب ریلیف اور معاونت، جس میں امتحان کے از سر نو انعقاد کی وضاحت اور منصفانہ و محفوظ دوبارہ امتحان کو یقینی بنانا شامل ہے۔ملک کے طلبہ ایسے نظام کے مستحق ہیں جو میرٹ، دیانتداری اور محنت کو انعام دے ، نہ کہ ایسا نظام جو انتظامی ناکامیو ں کے باعث انہیں بے چینی اور ناانصافی کا شکار بنائے۔
مشاورت تمام متاثرہ طلبہ اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور حکومت ہند سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے۔ ملک کے تعلیمی اور امتحانی نظام کی ساکھ کو بلا تاخیر بحال کیا جانا چاہیے۔

Next Post

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *