
نئی دہلی: 26 اپریل(میرا وطن نیوز )
دہلی یونیورسٹی کے ممتاز ادارے ستیہ وتی کالج کے شعبہ اردو کی ادبی انجمن بزمِ ادب کے زیر اہتمام بین کالج ادبی تقریب مضمون نگاری اور غزل گوئی کے مقا بلے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس ادبی جشن نے نہ صرف طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیز دی بلکہ علمی و ادبی فضا کو نئی تازگی اور توانائی بھی عطا کی۔ پروگرام میں مختلف کالجوں سے آئے ہوئے طلبہ نے شرکت کراپنی فکری و تخلیقی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز صدرِ شعبہ اردو ڈاکٹر قمر الحسن کے فکرانگیز اور بصیرت افروز کلیدی خطبے سے ہوا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ادبی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقا بلے طلبہ کی تخلیقی و فکری استعداد کو جلا بخشتے ہیں اور انہیں مثبت علمی سمت عطا کرتے ہیں، نیز شعبہ اردو مستقبل میں بھی اسی نوع کی معیاری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے گا۔
پہلے مرحلے میں مضمون نگاری کا مقابلہ منعقد ہوا، جس کے لیے ’قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں مادری زبان کی اہمیت اور معنویت” جیسے اہم اور عصری موضوع کا انتخاب کیا گیا۔ طلبہ نے اس موضوع پر اپنی بصیرت اور تحقیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ نتائج کے مطابق ایشا فاطمہ اور نازیہ (ستیہ وتی کالج) نے پہلا مقام حاصل کیا، سارا بیگ (دیال سنگھ کالج) دوسرے، آشمہ تیسرے اور علمیٰ سیفی (ستیہ وتی کالج) چوتھے مقام پر رہیں۔ اس مقابلے میں جج کے فرائض ڈاکٹر رکن الدین، ڈاکٹر فیاض عالم اور ڈاکٹر بشیر شاہین نے نہایت دیانت داری کے ساتھ انجام دیے۔
پروگرام کے دوسرے مرحلے میں غزل گوئی کا دلکش مقابلہ منعقد ہوا، جس نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ شرکا کی خوش الحانی اور شعری ذوق نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ اس مقابلے میں اریبہ خانم (ستیہ وتی کالج) نے پہلا، زیبا (ذاکر حسین دہلی کالج) نے دوسرا، ونام (شعبہ ہندی، ستیہ وتی کالج) نے تیسرا مقام حاصل کیا، جبکہ ثنا (ستیہ وتی کالج) کو حوصلہ افزائی انعام سے نوازا گیا۔ اس مرحلے میں ڈاکٹر قمر الحسن، ڈاکٹر فخر عالم اور ڈاکٹر افسانہ حیات نے جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
تقریب میں ذاکر حسین دہلی کالج، دیال سنگھ کالج اور دہلی یونیورسٹی کے دیگر اداروں کے طلبہ کی شرکت رہی۔ نظامت کے فرائض رفیق، طلحہ، عنہا اور علمیٰ سیفی نے انجام دیے ۔ اختتام پر کامیاب طلبہ میں اسنا د اور انعامات تقسیم کیے گئے ۔ ڈاکٹر افسانہ حیات نے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا، جبکہ بزمِ ادب کے صدر عفان پٹھان، نائب صدر اقرا سیفی اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔
No Comments: