
نئی دہلی، 27مارچ(میرا وطن نیوز )
دہلی میں ایل پی جی بحران پر ایم سی ڈی ایوان میں بحث سے گریز کرنے پر عام آدمی پارٹی نے بی جے پی سرکار کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں آپ کے کونسلروں نے ایل پی جی بحرا ن پر بحث کا مطالبہ کیا، مگر بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی نے اسے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد آپ کے کونسلروں نے گیس سلنڈر کے پوسٹر اٹھا کر بی جے پی سرکارکے خلاف زوردار نعرے بازی کی اور اس حساس مدعے پر سنجیدگی سے بحث نہیں کرانے پرمیئر پر حملہ بولا ۔
ایم سی ڈی میں قائد حزب اختلاف انکُش نارنگ نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میئر راجہ اقبال سنگھ نے اس سنگین مسئلے پر بحث تک نہیں ہونے دی اور جلدبازی میں ایجنڈا پاس کر کے اجلاس ملتوی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف گیس سلنڈر کی کمی کا مسئلہ نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑا ایک بڑا بحران ہے۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور بی جے پی سرکار ذمہ داری سے بھاگ رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے اور اب عوام جواب مانگ رہی ہے۔
دوسری جانب ایم سی ڈی کے سہ انچارج پروین کمار نے کہا کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی جس طر ح قلت ہو رہی ہے، اس کے لیے مرکزی بی جے پی سرکار کے پاس کوئی تیاری نہیں ہے۔ دہلی اور ملک بھر کے لوگ سلنڈر کے لیے پریشان ہیں۔ پہلے گیس سلنڈر کے لیے 25دن کا وقفہ رکھا گیا تھا جسے اب بڑھا کر 35دن کر دیا گیا ہے، لیکن عوام کب تک یہ سب برداشت کرے گی؟
No Comments: