
اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑی ہے کانگریس:سلمان خورشید
نئی دہلی ،6مارچ (میرا وطن)
امریکہ و اسرائیل کے ذریعہ ایران پر ہوئے حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقا ل پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے پہلے ہی تعزیت کا اظہار کیا تھا، اب باضابطہ کانگریس کے وفد نے تعز یت کے لیے ایرانی سفیر سے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت آل انڈیا کانگریس کمیٹی میں شعبہ خارجہ امور کے چیئرمین سلمان خورشید نے کی۔
اس وفد نے سپریم لیڈر آیت اللہ امام علی خامنہ ای کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور موجودہ حا لات پر اپنی تشویش بھی ظاہر کی۔ یہ تعزیتی پیغام ہندوستان میں سپریم لیڈر کے نمائندہ آیت اللہ ڈاکٹر عبدالمجید اور ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر محمد فتح علی کو پیش کیا گیا۔ اس ملاقات کی کچھ تصویریں سامنے آئی ہیں، جن میں سلمان خورشید تعزیتی رجسٹر پر تعزیتی پیغام لکھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس وفد میں شامل کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا بھی تصویروں میں تعزیتی پیغام لکھتے ہوئے اور ایرانی سفیروں سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سلمان خورشید کی قیادت والے اس وفد میں پون کھیڑا کے علاوہ سابق رکن اسمبلی دہلی حسن احمد،دہلی کانگریس اقلیتی شعبہ کے سابق چیئر مین علی مہدی اور کانگریس کے کچھ دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سلمان خورشید نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں سونیا گاند ھی اور پرینکا گاندھی نے جو راہ دکھائی ہے، اسی پر ہم سبھی چل رہے ہیں۔ ضروری تھا کہ ایک پیغام جا ئے کہ کانگریس کی طرف سے ہم آج ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، جو برسوں سے ہمارے ساتھی اور دوست رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آج ان کا (ایران کا) برا وقت ہے، اور ایسے موقع پر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس لیے ہمارا یہاں آنا بہت ضروری تھا۔‘
No Comments: