نئی دہلی : آئی پی ایل 2024 سے پہلے دہلی کیپٹلزکے اسٹار بلے باز ہیری بروک نے اچانک ٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ ہیری بروک نے اپنے فیصلے کی وجہ سوشل میڈیا کے ذریعے بتائی ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کا 17 واں سیزن 22 مارچ سے شروع ہوگا۔ دہلی کیپٹلز کو آئی پی ایل 2024 میں اپنا پہلا میچ 23 مارچ کو کھیلنا ہے۔ ان کا مقابلہ پنجاب کنگز سے ہوگا۔ لیکن اس میچ سے پہلے دہلی کیپٹلز کو ایک جھٹکا لگا ہے۔ انگلینڈ کے ہیری بروک اس بار آئی پی ایل میں نظر نہیں آئیں گے۔ ہیری بروک کی دادی کا گزشتہ ماہ انتقال ہو گیا تھا۔ اس وجہ سے انہوں نے آئی پی ایل 2024 میں نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ کے ہیری بروک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ ہیری بروک نے انسٹاگرام پر لکھا : ‘میں نے آئی پی ایل سے ہٹنے کا مشکل فیصلہ لیا ہے۔ میں دہلی کیپٹلز کے لیے کھیلنے کے لیے بہت پرجوش تھا۔ تاہم میں نے آئی پی ایل سے ہٹنے کی ذاتی وجوہات بتانا ضروری نہیں سمجھا۔ لیکن بہت سے لوگ پوچھ رہے ہیں تو اب بتا رہا ہوں۔ میری دادی کا گزشتہ ماہ انتقال ہو گیا تھا۔25 سالہ ہیری بروک نے اپنی دادی کے ساتھ کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ میں نے اپنا بچپن اپنی دادی کے گھر گزارا۔ وہ میری بڑی طاقت تھیں۔ زندگی اور کرکٹ کی طرف میرا رویہ دادی کی محبت کے سائے میں پروان چڑھا۔
No Comments: