
نئی دہلی،18ستمبر (میرا وطن نیوز )
وزیر اعظم نریندر مودی کے 76 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جمعرات کو درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءرحمتہ اللہ علیہ پر ایک پروقار تقریب ‘آشیرواد کا دیا’ کا اہتمام کیا گیا۔مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کر ن رجیجو نے بی جے پی کے قومی ترجمان و سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین کے ساتھ درگاہ پر حاضر ی دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے عقیدت کی چادر پیش کی گئی، اور درگاہ احاطے میں ہزارو ں دیے روشن کر کے وزیر اعظم کی درازی عمر، اچھی صحت اور ملک کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا ئیں ما نگی گئیں۔مذکورہ خصوصی دعائیہ محفل درگاہ کے چیف سجادہ نشین سید افسر علی نظامی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر کنور باسط علی، محمد معروف، مولانا سالس صدیقی، عاطف رشید سمیت ہزاروں عقیدت مند شریک ہوئے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر کرن رجیجونے کہا کہ حضرت نظام الدین اولیاءکی درگاہ ایک خاص اور مقدس مقام ہے اور آج یہاں سب نے مل کر وزیر اعظم کی لمبی عمر کے لیے دعا کی ہے۔سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین نے کہا کہ مودی جی کی قیادت میں ملک ترقی کی بلندیوں پر ہے اور اس مقدس مقام سے مانگی گئی دعا ضرور قبول ہوگی۔بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر کنور باسط علی* نے کہا کہ وزیر اعظم نے ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس’ کے ذریعے تمام مذاہب کو جوڑا ہے اور یہ تقریب قومی یکجہتی کی مثال ہے۔درگاہ کے چیف سجادہ نشین سید افسر علی نظامی نے کہا کہ درگاہ کی جانب سے ملک میں امن، اتحا د، بھائی چارے اور وزیر اعظم کی سلامتی کے لیے دعا کرائی گئی ہے۔
سماجی کارکن اور معروف کاروباری محمد معرو ف نے کہا کہ اس جشن میں تمام مذاہب کے ہزاروں لوگوں کی شرکت ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی عکاس ہے۔تقریب میں محیت چوہان، مجاہد اختر، امن سا حل، شارق خان، محمد احمد، مولانا صہیب قاسمی، حاجی مصطفیٰ، انس سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔
No Comments: