
نئی دہلی، 10 جولائی (میرا وطن نیوز)
وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ اب تک تقریباً 15 لاکھ پنک سہیلی اسمارٹ کارڈ جار ی کیے گئے ہیں، اور زیادہ تر خواتین باقاعدگی سے ان کارڈز کے ذریعہ مفت سفر کا فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ جنہوں نے ابھی تک کارڈ حاصل نہیں کیا ہے وہ جلد از جلد حاصل کریں۔
ڈاکٹر سنگھ نے واضح کیا کہ ڈی ٹی سی ڈپو اور خصوصی کیمپوں کے ذریعے پنک سہیلی اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا عمل 31 جولائی کے بعد بھی جاری رہے گا۔ کارڈ جاری کرنے کے لیے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے، اور سرکاراس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی اہل استفادہ کنندہ اس سہولت سے محروم نہ رہے۔
دہلی سرکار نے 31 جولائی سے خواتین کے لیے پیپر پر مبنی پنک ٹکٹ سسٹم کو براہ راست بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد یکم اگست سے مفت سفر صرف پنک سہیلی اسمارٹ کارڈ (این سی ایم سی) کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ڈی ٹی سی کی آپریشنل ہدایات کے مطابق، درست ‘پنک سہیلی اسمارٹ کارڈز’ رکھنے والی خواتین مسافروں کو یکم اگست سے مفت سفر کے فوائد حاصل ہوتے رہیں گے، جبکہ کاغذ پر مبنی پنک ٹکٹ سسٹم کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔
No Comments: