حیدرآباد۔حیدرآباد کے نواحی علاقہ پرگی میں جاری سہ روزہ تبلیغی جماعت کا اجتماع آج بعد نماز ظہر رخت انگیز دعاء کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ سیاست نیوز کی خبر کے مطابق اجتماع کے دوران دوران کئی علماء اکرام نے شرکاء اجتماع کو دین کی محنت اور تعلیمات محمدی ﷺ پر عمل آوری کا تاکید کرتے ہوئے اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنی دینی و دنیوی زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کریں ۔ علماء اکرام نے اجتماع کے آخری دن اکابر کے طریقہ کار دینی علوم کے سیکھنے کے لئے کی جانے والی محنتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے بچوں اور نوجوانوں کو دنیاوی علوم سکھانے کے لئے جستجو کر رہے ہیں لیکن ان کی دینی تربیت کے معاملہ میں کوتاہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں معاشرہ میں بالخصوص مسلم معاشرہ میں بھی کئی طرح کی برائیوں نے جگہ بنانی شروع کردی ہے ۔ علماء اکرام اور منتظمین آج اجتماع کے آخری دن اس اجتماع کی تیاریوں میں معاونت کرنے والوں ‘ حکومت ‘ پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کے دین کے کام اللہ اپنے پسندیدہ بندوں سے ہی لیتا ہے۔
سہ روزہ اجتماع کے دوران نوجوان نسل کی بِڑی تعداد اس میں شریک ہوئی ۔ مبلغین تبلیغی جماعت نے اجتماع کے شرکاء کو اللہ سے تعلق کو مضبوط و مستحکم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے اللہ سے تعلق کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ علماء اکرام نے معاشرہ میں پھیلنے والی برائیوں کے خاتمہ کے لئے امت مسلمہ جسے خیر امت کا مقام حاصل ہے اسے ہی آگے آنا ہوگا اور اپنے طور پر برائیوں اور معاشرتی بگاڑ کو دور کرنے کے سلسلہ میں پہل کرنی ہوگی۔ سہ روزہ اجتماع کا مولانا فاروق کی رخت انگیز دعاء کے ساتھ اختتام ہوا ۔ مولانا نے شرکاء اجتماع کو تاکید کی کہ وہ اس سہ روزہ تربیت میں جن اعمال کو سیکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں انہیں اپنی زندگیوں داخل کریں اور ان پر عمل کے ذریعہ دوسروں کے لئے مثال بننے کے علاوہ اپنے اللہ کو راضی کروانے کے لئے اپنے کردار کو دعوت کا پیکر بنانے پر توجہ مرکوز کریں ۔ مولانا فاروق نے اجتماع کو کامیاب بنانے اور اس کے انعقاد میں سرکرگرم رہنے والے منتظمین اور شرکاء کے لئے بھی خصوصی دعاء کی۔
No Comments: