نئی دہلی : لوک سبھا میں راہل گاندھی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔کل شب انڈیابلاک کی میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میڈیا کو بتایا کہ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر منتخب کیا گیا ہے اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن نے پروٹیم اسپیکر کو خط لکھ کر اس کی اطلاع دے دی ہے۔
دراصل انڈیا بلاک کی میٹنگ سے قبل کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں راہل گاندھی کو حزب اختلاف کا لیڈر بنانے کی تجویز رکھی گئی تھی۔ کانگریس کے کئی لیڈران نے راہل گاندھی کو حزب اختلاف کا لیڈر بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب راہل گاندھی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کو منظورکر لیا ہے۔ کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر راہل گاندھی کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا گیا ہے ’اپوزیشن لیڈر، آپ کے راہل‘۔قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی اپنی سیاسی زندگی میں پہلی بار کسی آئینی عہدہ پر بیٹھیں گے۔ حزب مخالف لیڈر کا عہدہ بہت اہم اور کابینہ وزیر کی سطح کا ہوتا ہے۔ آئینی عہدوں پر ہونے والی تقرریوں اور پارلیمانی کمیٹیوں میں بھی حزب مخالف لیڈر کا خاص کردار ہوتا ہے۔
No Comments: