
نئی دہلی، 23 جولائی(میرا وطن نیوز)
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، دہلی یونٹ کے صدر ڈاکٹر ادریس قریشی نے جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کی کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اقدار، آئینی حقوق اور اظہارِ رائے کی آزادی کے خلاف قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ادریس قریشی نے کہا کہ جمہوریت کی اصل طاقت مکالمے، انصاف اور عوامی احساسات کے احتر ا م میں پوشیدہ ہے، نہ کہ لاٹھی چارج، طاقت کے استعمال اور آوازوں کو دبانے میں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان کے مسائل اور مطالبات کو سنجیدگی سے سننا اور مذاکرات کے ذریعے ان کا حل تلاش کرنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ ہند ہر شہری کو پُرامن احتجاج اور اظہار رائے کا حق دیتا ہے، لہٰذا ایسے احتجاجات سے نمٹنے کے لیے طاقت کا استعمال کسی بھی جمہوری نظام کے شایانِ شان نہیں۔ اختلاف رائے کو دبا نے کے بجائے اس کا احترام کیا جانا چاہیے، کیونکہ مضبوط جمہوریت وہی ہوتی ہے جہاں عوام کی آواز سنی جائے۔
No Comments: