پٹنہ :بڑے ہی دعوے اور چیلنج کے ساتھ این ڈی اے میں شامل ہو کر مرکزی وزارت کا عہدہ حاصل کرنے والے آنجہانی رام ولاس پاسوان کے بھائی پشوپتی پارس نے بالآخر مرکزی وزیر کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ مودی حکومت میں خوراک اور پروسیسنگ کے وزیر تھے۔ بہار میں این ڈی اے کی سیٹ بٹوارے میں انہیں ایک بھی سیٹ نہیں ملی، جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں۔اپنے استعفے کی اطلاع پشوپتی پارس نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے ساتھ اور میری پارٹی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ اب میں طے کروں گا کہ کہاں جانا ہے۔
آر ایل جے پی کے صدر نے کہا کہ ’’5-6 دن پہلے میں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میں این ڈی اے کی سیٹوں کے اعلان ہونے تک انتظار کروں گا۔ میں نے بہت ایمانداری سے این ڈی اے کی خدمت کی۔ پی ایم نریندر مودی ملک کے بڑے لیڈر ہیں، لیکن ہماری پارٹی اور ہمارے ساتھ ذاتی طور پر ناانصافی کی گئی۔ اس لیے میں مرکزی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
بہار میں این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس تقسیم کے تحت بی جے پی نے اپنے لیے 17 سیٹیں رکھ لی ہے اور جے ڈی یو کو 16 سیٹیں دی ہیں۔ دیگر اتحادیوں میں چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 5 سیٹیں، جیتن رام مانجھی کی پارٹی ایچ اے ایم کو 1 سیٹ اور اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک جنتا دل کو ایک سیٹ ملی ہے لیکن اس میں پشوپتی پارس کی آر ایل جے پی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی ہے۔
No Comments: