
نئی دہلی، 31 اگست (میرا وطن نیوز)
دہلی ہائی کورٹ نے دہلی فسادات کی سازش رچنے کے ملزم عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخوا ستو ں پر سماعت ملتوی کردی ہے۔ جسٹس پرتیبھا سنگھ کی بنچ نے معاملے کی اگلی سماعت 21 ستمبر کو کرنے کا حکم دیا۔
دراصل دونوں کی ضمانت کی درخواستوں پر 27 اگست کو سماعت ہونی تھی، لیکن 27 اگست کو ہائی کورٹ میں تعطیل کا اعلان ہونے کے بعد اس معاملے کی سماعت آج کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ آج اور 27 اگست دونوں تاریخوں کے مقدمات فہرست میں شامل ہوئے۔ ہائی کورٹ نے 31 جولائی کو عمر خالد کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا۔
اس سے قبل کڑکڑڈوما عدالت نے 4 جولائی کو عمر خالد اور شرجیل امام کی نئی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی نے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم کی پابند ی کرنے کے لیے مجبور ہیں۔ کڑکڑڈوما عدالت نے کہا تھا کہ عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹ میں بھی قابل سماعت نہیں ہیں۔
سماعت کے دوران عمر خالد کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل تریدیپ پیس نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے اندرابی کے معاملے میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کیے جانے پر سوال اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا وہ حکم، جس میں گواہوں کے بیانات درج نہ ہونے کی صورت میں ایک سال بعد ضمانت کی درخواست دائر کرنے کو کہا گیا تھا، اب نافذ العمل نہیں ہے۔
No Comments: