نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے بی جے پی اپنے سبھی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کے تحت بدھ کو بی جے پی نے اپنے اتحادی چراغ پاسوان کو راضی کر لیا ہے۔ دراصل بہار میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بی جے پی اور چراغ پاسوان کے درمیان سمجھوتہ ہوگیا ہے۔ چراغ پاسوان نے خود سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر یہ معلومات دی۔
چراغ پاسوان نے لکھا ہے کہ این ڈی اے کے رکن کے طور پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے ساتھ آج کی ملاقات میں، ہم نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے بہار میں سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دیدی ہے۔ مناسب وقت آنے پر اس بارے میں معلومات دی جائیں گی۔ اس سے پہلے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور بہار میں بی جے پی کے سینئر لیڈر منگل پانڈے نے چراغ پاسوان سے ملاقات کی۔ چراغ پاسوان اور منگل پانڈے دونوں جے پی نڈا سے ان کی رہائش گاہ پر ملنے پہنچے تھے۔
ذرائع کی مانیں تو حاجی پور سیٹ چراغ پاسوان کے کھاتے میں چلی گئی ہے۔ اس بات کی مہر ان دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات میں لگ گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ چراغ پاسوان خود یا ان کی ماں رینا پاسوان 2024 کے انتخابات میں حاجی پور سیٹ سے این ڈی اے کے امیدوار ہوں گے۔ اس سے قبل گھر سے نکلتے وقت چراغ پاسوان نے اپنی ماں کا آشیرواد لیا تھا اور ان کے پاؤں چھو کر کہا تھا کہ ایک بار بات ہوجائے پھر آپ کو بتاتے ہیں۔
No Comments: