قومی خبریں

خواتین

انتہائی قابل اعتراض بیان ، اس کی کوئی معافی نہیں۔اکھلیش

کانگریس کے مینی فسٹو کے حوالے سے مودی کے بیان پرسماجوادی پارٹی کا سخت ردعمل

لکھنئو :راجستھان کے بانسواڑہ میں کانگریس کے مینی فیسٹو کے حوالے سے مسلمانوں کے بارے میں قابلِ اعتراض بیان کا سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بہت سخت جواب دیا ہے۔ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے پی ایم مودی کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایک قابل اعتراض بیان ہے اور اس کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کے اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ انتخابی ریلیوں میں بے تکی باتیں کہہ کر کانگریس کے لیے جو جھوٹ پھیلا رہے ہیں وہ بی جے پی کے جھوٹ کو ہی بے نقاب کر رہا ہے۔ ایک طرف وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ 400 سیٹیں جیتنے والے ہیں، تو دوسری طرف وہ عوام کو یہ کہہ کر انہیں ڈرا کر الیکشن میں کچھ ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ اگر اپوزیشن جیت گئی تو کیا ہو گا۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ اپنے من کی بات کسی اور کی جانب سے کہہ رہے ہیں۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’کسی خاص کمیونٹی کے بارے میں نام لے کر غلط باتیں کہنا پوری دنیا میں پھیلی ہوئی اس کمیونٹی کی توہین ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس سے ملک کے سیکولر اور جمہوری تشخص کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ یہ ایک انتہائی قابل اعتراض بیان ہے، جس کی کوئی معافی تک نہیں ہو سکتی۔ دراصل بی جے پی ایسا بیان اس لیے دے رہی ہے کیونکہ اس کے اپنے حمایتی تک اسے ووٹ نہیں دے رہے ہیں۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد یہ مایوس کن بیان ملک سے بی جے پی کی حکومت جانے کا سب سے پہلا بیان بھی ہے اور رجحان بھی ہے۔ یہ بی جے پی کے ذریعہ اپنی شکست کا اعتراف ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *