
نئی دہلی، 12 اگست(میرا وطن نیوز)
یومِ آزادی کے موقع پر دہلی-این سی آر میں پتنگ بازی کا جوش و خروش بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے لوگوں سے میٹرو کی ایلیویٹیڈ لائنوں کے پاس پتنگ نہ اڑا نے کی اپیل کی ہے۔اس تعلق سے ڈی ایم آر سی نے خبردار کیا ہے کہ میٹرو کی بجلی کی لائنوں کے رابطے میں آنے سے حادثہ جان لیوا ہو سکتا ہے۔ بالخصوص دھاتی مانجھے سے پتنگ اڑانے والوں کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔
ڈی ایم آر سی کے مطابق، دہلی-این سی آر میں میٹرو کا نیٹ ورک تقریباً 416 کلومیٹر طویل ہے اور اس کا بڑا حصہ ایلیویٹیڈ ہے۔ میٹرو ٹرینوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے پٹریوں کے متوازی 25 ہزار وو لٹ کی اوور ہیڈ ایکوپمنٹ (او ایچ ای) لائنیں لگی ہیں۔ پتنگ کی ڈور ان تاروں میں پھنسنے یا چلتی ٹر ین کے پینٹو گراف میں الجھنے سے او ایچ ای میں ٹرپنگ ہو سکتی ہے۔ اس سے میٹرو سروس متاثر ہو نے کے ساتھ ساتھ ٹرین کے پینٹو گراف اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ڈی ایم آر سی نے کہا کہ او ایچ ای کے براہِ راست یا بالواسطہ رابطے میں آنے سے انسان کی جان بھی جا سکتی ہے۔ اس لیے لوگوں کو میٹرو لائنوں سے دور کھلی جگہوں پر ہی پتنگ اڑانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ خاص طور پر رہائشی علاقوں سے گزرنے والی ایلیویٹیڈ میٹرو لائنوں کے پاس پتنگ بازی سے پرہیز کرنے کو کہا گیا ہے۔
مسافروں کی حفاظت اور میٹرو سروسز کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کے لیے ڈی ایم آر سی نے پتنگ سے متاثرہ اسٹیشنوں کے پاس خصوصی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ یہ ٹیمیں میٹرو لائن کے پاس نظر آنے والی پتنگ کی ڈور کو فوری طور پر ہٹانے کا کام کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی ٹرین آپریٹرز اور اسٹیشن کے عملے کو بھی ان دنوں مزید چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
No Comments: