
نئی دہلی، 20جون(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے نیٹ امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں اب تک کئی طلبہ کی خودکشی اور اتوار کو دوبارہ منعقد ہونے والے امتحان کے لیے دیے گئے مراکز میں بے ضابطگیوں کے سامنے آ نے پر مودی سرکارکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سمیت دیگر سینئر لیڈروں نے مودی سرکارکی کارکردگی اور صلاحیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔اروند کجریوال نے کہا کہ مودی سرکار تاریخ اور دنیا کی سب سے نااہل سرکارہے۔ ان سے ایک امتحان بھی صحیح طریقے سے نہیں کرایا جاتا۔
عام آدمی پارٹی پنجاب کے انچارج اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر کہا کہ نیٹ گھوٹالے نے نہ جانے کتنے معصوم طلبہ کو خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا۔ لا کھو ں بچوں کو خون کے آنسو رلایا گیا، لیکن سرکار اب بھی سدھرنے کو تیار نہیں ہے۔ مودی جی کے ہوتے ہوئے تعلیم اور امتحانی نظام کا بہتر ہونا ناممکن ہے۔
عام آدمی پارٹی کے قومی میڈیا انچارج انوراگ ڈھانڈا نے ’ایکس‘پر کہا کہ مودی سرکار نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ آخر کتنے مزید نوجوانوں کی لاشیں دیکھنے کے بعد ان کا دل بھرے گا؟ یہ ایک بے شرم اور انتہائی ناقص سرکار ہے۔
No Comments: