
نئی دہلی، 12مئی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ و ہ ملک کی معا شی حالت کی اصل حقیقت عوام کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیرون ملک سفر نہ کریں، غیر ملکی مصنوعات نہ خریدیں، سونا نہ خریدیں، پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کا کم استعمال کریں، پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور ورک فرام ہوم اپنائیں جیسے سات سخت اقدامات اختیار کریں۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی معیشت انتہائی خراب حالت میں ہے اور آنے والے دنوں میں حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
پارٹی ہیڈ کوارٹر میں دہلی پردیس صدرسوربھ بھاردواج کے ساتھ منعقد پریس کانفرنس میں اروند کجریوال نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے صرف مڈل کلاس متاثر ہو رہی ہے۔ آخر ساری قربانی صرف مڈل کلاس ہی کیوں د ے؟ انہوں نے سوال کیا کہ سرکار، وزیراعظم، وزراء، صنعت کار اور افسران اپنے اخراجات میں کمی کیو ں نہیں کر سکتے؟ ہم ملک کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں، لیکن صرف مڈل کلاس کو نشانہ نہ بنایا جائے اور ملک کے ساتھ تمام معلومات شیئر کی جائیں۔
اروند کجریوال نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ اسی وجہ سے انہوں نے ملک کے عوام سے سات سخت اقدامات اپنانے کی اپیل کی ہے۔ پہلا، ورک فرام ہو م ۔دوسرا، سونا خریدنا بند کریں یا کم سے کم خریدیں۔ تیسرا، پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کریں اور زیادہ سے زیادہ عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ چوتھا، کھاد کا کم سے کم استعمال کریں اور قدرتی کھیتی کریں۔ پانچواں، غیر ملکی مصنوعات کم سے کم خریدیں اور زرمبادلہ بچائیں۔ چھٹا، کھانے کے تیل کا کم سے کم استعمال کریں۔ ساتواں، بیرونِ ملک سفر بند کریں۔
No Comments: