
نئی دہلی، 22 مئی(میرا وطن نیوز )
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ شہر کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 46 ڈگر ی سیلسیس سے تجاوز کر جانے پر دہلی میں شدید گرمی کی صورتحال سے راحت دینے کے لئے دہلی سرکار کاہیٹ ویب سے نمٹنے کا ایکشن پلان لوگوں کو راحت دینے کے لئے کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے اور کھلے میں ،سڑک پر اور فیلڈ میں کام کرنے لوگ جھلسانے والی گرمی سے متاثر ہورہے ہیں ۔
اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ 25 اپر یل کوریکھا گپتا نے شدید گرمی سے راحت فراہم کرنے کے لیے جو ایکشن پلان بنایا تھا، حقیقت میں اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ بی جے پی سرکار کے دیگر اقدا مات کی طرح جیسے کہ آلودگی پر قابو پانا، یمنا کی صفائی، صفائی مہم، اور ڈی سیلٹنگ پروجیکٹس – ہیٹ ویو ایکشن پلان صرف سرکاری دستاویزات تک ہی محدود ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات کی پیشین گوئیوں کے مطابق راجدھانی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جو اس کے مکینوں کے لیے ایک بڑے بحران کے طور پر ابھر رہا ہے۔
دیویندر یادو نے کہاکہ شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے دہلی سرکارکی حکمت عملی زمینی سطح پر کہیں نظر نہیں آتی ، یہاں تک کہ دہلی میں مئی کے مہینے کے لیے 14 سال میں سب سے زیادہ رات کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس شدید گرمی کے درمیان بجلی کی بندش عوام کو تباہ کر رہی ہے، اس کے باوجود سرکار صور تحا ل سے مکمل طور پر لاتعلق ہے۔
No Comments: