قومی خبریں

خواتین

دہلی میں عازمین حج کے لیے خصوصی میڈیکل کیمپ کا اہتمام

چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ اب عازمین حج کو مہنگے داموں میں میڈیکل چیک اپ نہیں کرانا پڑے گا

نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں سے حج کمیٹی کے دفتر آصف علی روڈ پر واقع حج منزل میں ریاست دہلی سے 2024 کے مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے عازمین حج کے لیے ایک خصوصی میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس خصوصی میڈیکل کیمپ کا افتتاح کل حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے ذریعہ کیا گیا۔اس موقع پر حج کمیٹی میں موجود عازمین حج اور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے دہلی سے مناسک حج پر جانے والے تمام عازمین حج کے نام پیغام میں کوثر جہاں نے کہا کہ اب عازمین حج کو لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر کسی پرائیویٹ یا دیگر اسپتالوں میں مہنگے داموں میں اپنا میڈیکل چیک اپ نہیں کرانا پڑے گا۔ تمام عازمین آصف علی روڈ پر واقع حج منزل حج کمیٹی کے دفتر میں آکر ایک ہی چھت کے نیچے اپنا طبی معائنہ کروا سکتے ہیں اور یہاں موجود دہلی حکومت کے ڈاکٹروں کی ٹیم سے اپنا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس دوران حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ سال 2024 کے مقدس سفر حج پر جانے والے عازمین حج کے لیے کھولے گئے اس خصوصی میڈیکل کیمپ میں حکومت ہند کی وزارتِ اقلیتی امور کی طرف سے مقدس سفر حج کے لیے منتخب کیے گئے عازمین حج کی صحت سے متعلق تمام قسم کی طبی جانچ یعنی سی بی سی، کے ایف ٹی، بلڈ شوگر، سینے کا ایکسرے مشہور کمپنی ہیلتھین کی جانب سے کیے جائیں گے۔ حاجیوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ دہلی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ برائے صحت کی جانب سے مقرر کردہ ڈاکٹروں کی ٹیم جاری کرے گی اور یہ سروس صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ یہ تمام ٹیسٹ صرف 500 روپے میں کئے جائیں گے۔
اشفاق احمد عارفی نے مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال حج 2024 کے لیے دہلی میں کل 4082 حج درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں کل 3016 افراد کو ڈیجیٹلائزڈ رینڈم سلیکشن کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ کل 1066 افراد کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ اس سال کل 139054 عازمین حج سرکاری کوٹے سے پورے ہندوستان سے حج کے لیے جائیں گے۔ پورے ہندوستان میں کل 20 حج امبارکیشن پوائنٹس ہیں جن میں سے دہلی کا اندرا گاندھی ہوائی اڈہ سب سے بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے اور یہاں سے اس سال تقریباً 22000 عازمین حج روانہ ہوں گے اور انہیں ہر طرح کی مقامی سہولیات دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی فراہم کرتی ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *