
نئی دہلی، 15 جون(میرا وطن نیوز )
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی سرکار ’ایک پیڑماں کے نام – دہلی میگا ٹری پلانٹیشن مہم 2026 ‘ شروع کرنے والی ہے۔ اس مہم کا مقصد دہلی بھر میں 70 لاکھ پودے لگانے کا ہے۔ انہوںنے پیر کو دہلی سکریٹریٹ میں تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔اس دوران مہم کے فریم ورک، عوامی شرکت، ڈیجیٹل پلیٹ فارم، شجر کاری کے اہداف اور مختلف محکموں اور تنظیموں کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات سردار منجندر سنگھ سرسا اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔اس مہم کا آغاز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے اسے دہلی میں ایک بڑے عوامی مہم میں تبدیل کیا جائے گا۔و ز یر اعلیٰ کے مطابق مہم کا پہلا مرحلہ 22 جون کو ڈیجیٹل طور پر شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ ای فاریسٹ گرین ڈرائیو پورٹل اور مہم کی آفیشل ویڈیو کا لانچ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی شہر بھر میں ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر مبنی عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ22 جون سے 4 جولائی تک وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے گی اور اس مہم کے بارے میں معلومات کو مختلف سماجی، مذہبی، تعلیمی اور کمیونٹی گروپس کے ساتھ مل کر عوام تک پہنچایا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مہم کے دوسرے مرحلے کا انعقاد جولائی کے پہلے ہفتے میں ’میگا رج ٹری پلانٹیشن مہم‘کے نام سے کیا جا ئے گا۔ پی بی جی گراو ¿نڈ، سنٹرل رج، ساو ¿تھ سنٹرل رج اور نانک پورہ رج سمیت دہلی رج کے کئی مقا مات پر ماحولیاتی بحالی کے شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس دن تقریباً 2.5 لاکھ پودے لگائے جا ئیں گے، اور رضاکاروں کو جھنڈی دکھا کر ایک عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
مہم کا تیسرا اور سب سے بڑا مرحلہ جولائی کے وسط میں ایک میگا شجر کاری مہم کے طور پر منعقد کیا جائے گا جو عوامی شرکت سے چلائی جائے گی۔ مرکزی تقریب روہنی کے سوارن جینتی پارک میں ہوگی اور اسے اصل وقت میں دہلی بھر کے 51 لائیو مقامات سے منسلک کیا جائے گا۔ تقریباً 11ہزار افراد بیک وقت شجر کاری مہم میں حصہ لیں گے، اس تقریب کو تمام سائٹس سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ یہ مہم 70 اسمبلی حلقوں اور 13 اضلاع تک پھیلے گی، جس میں ‘سیوا پرو’ مدت کے اختتام تک دہلی بھر میں 70 لاکھ پودے لگانے کے ہدف کی سمت کام کیا جائے گا۔
No Comments: