
نئی دہلی، 30 مئی (میرا وطن نیوز )
وزیر اعلیٰ کے مطابق شدید گرمی کی لہر سے پیدا ہونے والے پانی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہر یانہ نے مونک کینال کے ذریعے کم از کم ایک ہزارکیوسک پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 980 سے زائد واٹر ٹینکرز کی تعیناتی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر نے کی کوششیں جاری ہیں جو روزانہ 6ہزار سے زائد ٹرپ کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کو مکھیہ منتری سیوا سدن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پینے کے پانی کے چیلنجوں اور راجدھانی میں پانی کی فراہمی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں وزیر آبی پرویش صاحب سنگھ، دہلی جل بورڈ کے وائس چیئرمین ستیش اپادھیائے، ممبر اجے مہاور، چیف سکریٹر ی راجیو ورما، دہلی جل بورڈ کے سی ای او وجے بدھوڑی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پانی کے رساو کے ہر واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھیں اور فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کا ایک ایک قطرہ قیمتی ہے اور اس کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دہلی جل بورڈ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ موصول ہونے والی شکایات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور جب بھی ضروری ہو، خود متا ثرہ علاقوں کا دورہ کرکے زمینی صورتحال کی تصدیق کریں۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق دہلی جل بورڈ کی ہیلپ لائن کو گزشتہ ہفتے کے دوران 11,055 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 8500 کو پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔
No Comments: