ممبئی : ممبئی کی ایک میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ عدالت نے جمعرات کو بی جے پی کے سابق ایم پی کریٹ سومیا کی اہلیہ ڈاکٹر میدھا سومیا کے ذریعہ دائر ہتک عزتی کے مقدمہ میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے راؤت کو قصوروار قرار دیا ہے۔ عدالت نے راؤت کو 15 دنوں کی جیل کی سزا سنائی ہے ساتھ ہی 25 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے جو ان سے معاوضہ کے طور پر وصول کیا جائے گا۔
سنجے راؤت کو تعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت سزا دی گئی ہے۔ ممبئی کی روئیا کالج میں آرگینک کیمسٹری کی پروفیسر میدھا سومیا نے راؤت کے خلاف دفعہ 499 (کسی طرح کا الزام لگانا یا شائع کرنا) اور 500 (ہتک عزتی) کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح ہو کہ سنجے راؤت نے ان پر اور ان کے این جی او ‘یوا پرتشٹھان’ پر 100 کروڑ روپے کے بیت الخلا گھوٹالے کا الزام لگایا تھا۔
عدالت کے ذریعہ قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد سنجے راؤت کا اس معاملے پر رد عمل سامنے آیا ہے۔ شیو سینا رہنما نے کہا کہ میں عدالت کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں لیکن یقین نہیں کر سکتا کہ انہوں نے ایسا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں انصاف کی امید کیسے کر سکتے ہیں جہاں وزیر اعظم گنیش اُتسو کے کے لیے چیف جسٹس آف انڈیا کے گھر جاتے ہیں اور لڈو کھاتے ہیں۔
No Comments: