
نئی دہلی، 22 جولائی(میرا وطن نیوز)
سحبان الہند حضرت مولانا احمد سعید دہلوی کے پوتے، مکتبہ دینیہ کے مالک اور جمعیت علماءضلع نئی دہلی کے نائب صدر راشد سعید دہلوی کا اپنی رہائش گاہ، کوچہ تارا چند، دریا گنج، نئی دہلی میں دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 75 سال تھی۔مرحوم کی نمازِ جنازہ مسجد دائی والی، تراہا بیرم خاں، نئی دہلی میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مہرولی کے ظفر محل میں اپنے بزرگوں کے احاط قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، مولانا عظیم اللہ صدیقی ، مولانا غیور احمد قاسمی ، مولانا محمد قاسم نوری، مولانا قاری محمد عارف قاسمی ، مولانا ضیاءاللہ قاسمی سمیت متعدد دینی و سماجی شخصیات اور مرحوم کے متعلقین شریک ہوئے۔بعد ازاں جمعیت علماءہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے مر حو م کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت و اظہارِ ہمدردی کیا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجا ت کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ راشد سعید دہلوی صاحب شر یف النفس، ملنسار انسان تھے۔ ان کی وفات سے ایک دینی، علمی اور ملی خانوادے کا اہم فرد ہم سے جدا ہوگیا۔ مرحوم کے دادا، سحبان الہند حضرت مولانا احمد سعید دہلوی، جمعیت علماءہند کے بانی ارکان میں شامل تھے۔ان کی وفات پر دفتر جمعیت علماءہند نئی دہلی کی مسجد عبدالنبی میں دعائے مغفرت و ایصال ثواب کیا گیا۔
No Comments: