
‘بزم پیمبران سخن دہلی’کے زیر اہتمام طرحی نشست ‘جشن سرکار مدینہ’ منعقد
نئی دہلی، 6 ستمبر (میرا وطن نیوز ) پیغمبران سخن دہلی کے زیر اہتمام اتوار کو ایک طرحی نشست جشن سرکار مدینہ کے عنوان سے ترلوک پوری میں ذوالفقار بابر کے دولت خانے پر منعقد ہوئی۔ ‘خالق کا شاہکار ہے عترت رسول کی’ مصرع پر تمام شعراء نے طرحی کلام پیش کیا۔اس نشست کی صدارت کے فرائض مولانا حیدر علی جعفری قبلہ نے انجام دیۓ۔
نظامت کے فرائض ذوالفقار باقر زیدی کویت ایمبیسی نے انجام دیے۔ تلاوت قرآن کریم مولانا مرزا محمد بابر عظمتی
اور نعت پاک علی عباس نوگانوی نے پڑھی۔
محفل میں شریک شعرائے کرام کے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں۔
نانا کی شہ کو روز زیارت ہو اس لیے
اکبر کو رب نے دی تھی شباہت رسول کی
ڈاکٹر مرزا کیفی سلطان
جس دم مدینہ چھوڑکے جانے لگے حسین
یاد آگئی حسین کو ہجرت رسول کی
فجر مرزا
سجدے میں ہیں رسول خدا پشت پر حسین
پروان چڑھ رہی ہے عبادت رسول کی
محمد مہدی سانکھنوی
کوڑا جو ڈالتی تھی وہ تبدیل ہوگئی
کچھ اتنی باشرف تھی عیادت رسول کی
ماسٹر مشرف علی
کس منھ سے اس کو کہتے ہیں کافر بتائیے
جس نے تمام عمر کی خدمت رسول کی
ماسٹر منصور
رہتی ہے اس پہ ہر گھڑی لعنت رسول کی
ٹکڑوں میں جس نے بانٹ دی امت رسول کی
جری بگھروی
عباس اب تو ایسے پر آشوب دور میں
محسوس ہورہی ہے ضرورت رسول کی
علی عباس نوگانوی
معراج میں گیے تھے اسے لینے مصطفٰے
اک رہ گئی تھی عرش پہ دولت رسول کی
ذوالفقار باقر زیدی
جس زاویے سے دیکھیے بے مثل و بے نظیر
خالق کا شاہکار ہے عترت رسول کی
مغل زادہ اختر مرزا
پیغام یہ دیا ہمیں سترہ ربیع نے
صادق زباں سے ہوتی ہے مدحت رسول کی
مولانا حیدر جعفری
خود کہ رہی ہے احسن تقویم کی سند
قدرت کا شاہکار ہے عترت رسول کی
ایم ایم بابر عظمتی
نشست کے دوران ذوالفقار باقر زیدی نے اپنے کلام کے دو مجموعے رنگ مودت اور انمول دولت تمام شعرائےکرام کی خدمت میں پیش کیے۔
نشست کا اختتام مولانا حیدر علی جعفری کے دعائیہ کلمات پر ہوا اور التواۓ نشست کا اعلان کیا گیا
No Comments: